حافظ آباد ، پرنسپل اپنے سکولوں میں سیکورٹی،سائنس سمیت دیگر امور کی بہتری کے لیے اقدامات کریں،ڈپٹی کمشنر

منگل 21 فروری 2017 22:37

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ کالجوں اور سکولوں کے پرنسپل اور ہیڈ ٹیچرز کا فرض ہے کہ وہ اپنے اداروں کی سیکورٹی،صفائی ستھرائی ،سائنس اور کمپیوٹر لیب سمیت دیگر تدریسی و ہم نصابی امور کی بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن قوتوں کے خلاف بر سر پیکار ہیں اور اُن کی یہ کوشش اُسی صورت کامیاب ہو سکتی ہیں جب ہم بھی اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھتے ہوئے اپنے گردو پیش میںنظر آنے والے مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور مشکوک عناصر کی فوری نشان دہی کریں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول کولو تارڑ ک ے اچانک دورے کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی (آر) اللہ دتہ وڑائچ بھی انکے ہمراہ تھے ۔ڈی سی نے تفریح کے دوران سیکورٹی ہدایات اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ہیڈ ٹیچر میاں محمد صفدر سے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی ہے کہ سکول کے اوقات کار کے دوران مین گیٹ کُھلا ہو اور کوئی بھی بلا رو ک ٹوک آ جا رہا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہر صورت مین گیٹ سمیت تمام داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور سیکورٹی گارڈز بغیر تصدیق اور شناخت کسی کو بھی سکول کے اندر داخل نہ ہونے دیں۔انہوں نے اچانک معائنہ کے دوران سکول کی سائنس لیب اور صفائی کی خراب صورتحال پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈ ٹیچرکا انتظامی امور پر کوئی کنٹرول نظر نہیں آ رہا ہے جس کا نتیجہ بُری تعلیمی کارکردگی کی صورت میں ظاہر ہوگا۔

انہوں نے تمام اساتذہ پر واضح کیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کریںاور بالخصوص سائنس طلباء پر خاص توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں میں ٹیلنٹ موجود ہوتا ہے لیکن اساتذہ کی عدم دلچسپی اور ذاتی توجہ نہ دینے کی وجہ سے بہت سے طلباء مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر پاتے اور پڑھائی کو خیر باد کہہ دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ خلوص نیت اور توجہ دیکر اپنے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔ڈی سی نے مختلف کلاس روم دیکھے اور سکول کے مجموعی ڈسپلن کو فوری بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں