ڈپٹی کمشنر حافظ آباکی ہدایت پر ڈسٹرکٹ گزٹیئر کمیٹی کا گزٹیئر کی تدوین و اشاعت کے لیے باقاعدہ کام شروع

بدھ 22 فروری 2017 20:30

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ گزٹیئر کمیٹی نے حافظ آباد کے گزٹیئر کی تدوین و اشاعت کے لیے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فخر السلام ڈوگر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گزٹیئر کی اشاعت خوبصورت روایت کا سلسلہ بحال کیا جائیگااور گزٹیئر کو ہر لحاظ سے معیاری اور جامع معلومات کا ایسا ریفرنس بنایا جائیگا جو ضلع کی تاریخ ،ترقی ،سماجی ،تعلیمی اور سیاسی حوالوں سے ہر خاص و عام کو مصدقہ اعداد و شمار اور معلومات کی بآسانی دستیابی کا ذریعہ ثابت ہو ۔

اے ڈی سی فنانس کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ گزٹیئر کمیٹی کے اجلاس میں اس کے ممبران پروفیسر محمد ایوب خان طاہر،پروفیسر اسد سلیم شیخ،تاریخ دان عزیز علی شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ افتخار علی شاہ نے شرکت کی جبکہ کمیٹی کی رُکن پروفیسر زاہدہ نسرین بھٹی مصروفیت کی وجہ سے شریک نہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی فنانس نے گزٹیئر کی تیاری اور از سر نو اشاعت میں خصوصی دلچسپی لینے کے حوالہ سے ڈی سی محمد علی رندھاوا کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی فراہم کردہ گائیڈ لائن کے مطابق گزٹیئر کو ضلع کے مختلف شعبہ ء ہائے زندگی کے حوالہ سے ٹھوس ریفرنس بنایا جائیگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کرے تاکہ مسودہ کی تیاری کا پہلا مرحلہ مکمل کیا جا سکے۔اراکین کمیٹی نے گزٹیئر کی تدوین و اشاعت کے سلسلہ میں اپنا مکمل تعاون پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومتی ہدایات کے مطابق گزٹیئر کی بروقت اشاعت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں