ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی میٹریل میں خرابی اور کمی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، محمد علی رندھاوا

جمعرات 23 فروری 2017 21:39

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ ترقیاتی فنڈز ہمارے پاس امانت ہیں اور تمام متعلقہ محکمے اس امانت کو پوری دیانتداری سے عوام کے بہترین مفاد میں مقررہ معیار کے مطابق ہی استعمال کرسکتے ہیں انہوں نے واضح کیاہے کہ جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی میٹریل میں خرابی اور کمی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور خصوصی انسپکشن ٹیموں کی جانب سے نشان دہی کردہ نقائص دور نہ کرنے کامطلب یہ ہوگا کہ ٹھیکیدار کے ساتھ سرکاری ملازمین بھی وسائل کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث ہیں اور اس طرح کی صورتحال میں تمام متعلقہ افراد کو سخت قانونی اور محکمانہ کاروائی کا ضرور سامنا کرنا پٹرے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس کا مقصد قومی تعمیر کے محکموں اور متعلقہ افراد پر حکومتی ترجیحات کو واضح کرتے ہوئے انہیں یہ باور کرانا تھا کہ تمام ترقیاتی فنڈز شفاف طریقہ کار اپناتے ہوئے ہی خرچ کئے جائیں اور ہر سطح پر مقررہ معیار کا خاص خیال رکھاجائے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فخرالسلام ڈوگر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اللہ دتہ وڑائچ ،اے سی حافظ آباد عمرفاروق وڑائچ ،اے سی پنڈی بھٹیاں میڈم نوشین سرور اور مختلف محکموں کے متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

ڈی سی نے اجلاس کے شرکاء پرواضح کیا کہ تر قیاتی کاموں میں شفافیت کے لیے دونوں تحصیلوں کے اے سی ،متعلقہ محکمہ کے نمائیندہ اور فنانس اینڈ پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے سب انجینئرز پر مشتمل خصوصی انسپکشن کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور بلڈنگز ،روڈز ،اربن سیوریج اینڈ ڈرینج اسکیم ،اریگیشن کے منصوبوں سمیت ضلع بھر میں جاری اور حال ہی میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے معیار کے حوالہ سے تفصیلی رپورٹس بنائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان انسپکشن رپورٹس میں بیان کردہ نقائص کی فوری درستگی متعلقہ محکمے اور ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہوگی جسمیں کوتاہی اور غفلت کا مطلب ہوگا کہ سائٹ انچارج / اوورسیئرز ،کنسلٹنٹ اور دیگر اتھارٹیز بھی حکومتی ہدایات پر عمل درآمد سے گریزاں ہیں اور اس صورت میں ان سب کے خلاف ٹھوس کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی حوالہ سے انسپکشن ٹیموں کی جانب سے بے جا تنگ کرنے کی کسی بھی شکایت کو بھی فی الفور متعلقہ اے سی اور انکے نوٹس میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب سرکار سے تنخواہ لیکر اچھی کارکردگی دکھانے کے پابند ہیں اور بالخصوص عوامی ،ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائیگا

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں