آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسے ، جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں

ریلی کے شرکا کی بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی ،ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، ایک منٹ کی خاموشی کشمیریوں اور پاکستانیوں کے درمیان اٹوٹ رشتوں کے اظہار اور مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئی پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ان کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، صوبائی وزراء و دیگر کا خطاب

بدھ 5 فروری 2020 16:29

کوہالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2020ء) آزاد جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں پانچ فروری کے حولے سے مقبوضہ کشمیر کے اپنے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکولو ں اور کالجوں کے طلبا وطالبات کے علاوہ مختلف سیاسی ،سماجی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے جلسے،جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں،ریلی کے شرکا نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اورریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم اور 9 لاکھ بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوںکے خلاف سنگین انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔

تفصیلات کے مطابق پانچ فروری کو دن کا آغازآزادکشمیر کی تمام مساجد میں نماز فجر میں مقبوضہ کشمیر کے اپنے بہن بھاییوں کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا اور 9:59پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ، کوہالہ اور منگلہ پلوں کے علاوہ پاکستان اور آزاد کشمیر کوملا نے والے دیگر مقامات پر کشمیریوں اور پاکستانیوں کے درمیان اٹوٹ رشتوں کے اظہار اور مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئی ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تمام سیاسی،مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے روایتی قومی و ملی جزبہ کیساتھ جلسے،جلوس،ریلیاںاور سمینارزمنعقد کیے گئے۔جلوس اور ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور مودی سرکار کی جانب سے آینی ترمیم کے زریعے 5اگست کے بعد آرٹیکل 370 اور 35-A کے خاتمے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت کو ختم کرنے کی شدیدالفاظ میںمذمتی نعرے درج تھے ۔

مقررین نے اپنے مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یقین دلایا کے کہ آزادکشمیر کی ہر آنے والی حکومت اور تمام سیاسی،سماجی ومذہبی جماعتیں اور عوام کے علاوہ پاکستان کی حکومت ،عوام اور افواج پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آذادی کے لیے ہر محاز پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور بھارت کی ہندو انتہاپسند حکومت کی توسیع پسندانہ عزایم کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کیا جائیگا ۔

مقررین نے پاکستان کی قومی اسمبلی سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف قراردادیں منظور کرنے پر حکومت پاکستان اور اپوزشن کی تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ادارہ آمنہ سلیم،جاوید ہاشمی،حسین حقانی ودیگر نے کہا کہ آزادی کشمیر کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرو رہے،ہندوستان زیادہ دیر تک کشمیریوں پر ظلم نہیں کر سکتا،وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری بچوں،خواتین،بزرگوں پر ظلم و ستم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیری بھائیوں کو آزادی نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ کشمیر کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کریںاور خارجہ پالیسی کو موثر بنا کر بھارت کو ہر محاز پر پسپایی اختیار کرنے پر مجبور کیا جائے ۔

ادھر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے آزاد کشمیر کو پاکستان سے ملانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور عوام نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس حوالہ سے کوہالہ پر پل پر 10بجے سائرن بجاکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان میرضیاء اللہ ، وزیر حکومت صوبہ پنجاب راجہ راشد حفیظ ،وزیر حکومت سندھ غلام مرتضیٰ بلوچ ، سپیشل اسسٹنٹ وزیر اعلی ٰ کے پی کے احمد حسین شاہ ، معاون خصوصی آزاد کشمیر ضیاء سردار ایڈووکیٹ ، مرکزی راہنما تحریک انصاف ایبٹ آباد علی اصغر خان ،اے ڈی سی ایبٹ آباد ،آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اشتیاق حمید ، ملک افتاب اعوان ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن باغ ،ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی ، مسلم کانفرنس کے راہنما میجر(ر) نصر اللہ خان، سابق ایڈوائزر راجہ مبشر اعجاز ، میجر لطیف خلیق ، سعید انقلابی ، مشتاق الاسلا م رہنمائوں اور سول سوسائٹی ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر زنجیر بنا کر یکجہتی کا اظہار کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برقیات پنجاب راجہ راشد حفیظ نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں اور پاکستانی قوم ایک پیج پر ہیں ۔ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ان کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کیا ۔ سندھ حکومت کے وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی منانے کیلئے یہاں آیا ہوں ۔

سندھ کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔ جب تک پورا کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستانی عوام اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ دریائے جہلم جو کشمیرسے نکلتا ہے تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس میں ہماری مائوں ، بہنوں نے اپنی عصمتیں بچانے کیلئے دریائوں میں چھلانگ لگا کر اپنا خون شامل کیا ہوا ہے ۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ احمد حسین شاہ نے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر ہم میں کوئی اختلاف نہیں۔

قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔یہ پیغام کشمیریوں اور پاکستانیوں کو ایک ملت قائم کرنے کا ہے ۔ خیبر پختونخواہ کے عوام نے جہا د کشمیر میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے اور سرینگر تک پہنچ گئے تھے ۔ ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے بھائی ابھی بھی آزادی کا سانس نہیں لے سکے ۔ ان کی اس جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ معاون خصوصی وزیر اعظم آزادکشمیر ضیاء سردار نے کہاکہ ہم پاکستانی عوام کے شکرگزار ہیں کہ انہوںنے کشمیریوں کی ہر مرحلے پر اخلاقی،سیاسی اور سفارتی مدد کی ہے ۔

پاکستانی قوم نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا۔ ہمیں پاکستان سے کوئی الگ نہیں کر سکتا۔ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے ۔ تقریب سے پی ٹی آئی ایبٹ آباد کے مرکزی رہنماء علی اصغر خان، سابق مشیر حکومت راجہ مبشر اعجاز ، جماعت اسلامی ک رہنماء، میجر لطیف خلیق، مسلم کانفرنسی رہنماء میجر ریٹائرڈ سردار نصر اللہ خان،حریت رہنماء اشتیاق حمید ، حریت رہنماء مشتاق الاسلام ، ایڈمنسٹریٹر باغ ملک آفتاب اعوان ، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ سعید انقلابی ، محمد جاوید عباسی ودیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا نظریاتی ، مذہبی اور جغرافیائی تعلق ہے ۔ پاکستانی عوام نے کشمیر یوںکیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔ مقررین نے کہاکہ ہم خون کے آخری قطرے تک اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ پانچ اگست کے بعد کشمیریوں کی یہ قربانیوں کاسلسلہ ایک نئے موڑ داخل ہو چکا ہے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی اسی لاکھ آبادی کو بھارتی افواج نے جیل میں محصور کر رکھا ہے اور بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ مقررین نے کہاکہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے اور تنظیمیں کشمیریوں ان کا جائزہ حق دلوانے کیلئے کردار ادا کرے ۔

ہالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں