نیب نے محکمہ کوسٹل ڈویلپمنٹ اینڈ فشریز بلوچستان میں ایک ارب روپے کرپشن کیس میں کمپنی مالکان کو بھی گرفتار کرلیا

ڈی جی نیب بلوچستان کی سربراہی میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے کرپشن میں ملوث کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے، قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، نیب اعلامیہ

جمعرات 10 دسمبر 2020 17:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2020ء) قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ کوسٹل ڈویلپمنٹ اینڈ فشریز بلوچستان میں ایک ارب روپے کرپشن کیس میں چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر بوٹس مینوفیکچرنگ کمپنی بزنس انجینئرنگ ٹرینڈ کے مالک حمزہ بن طارق اور اے جے میرینز کے مالک عامر شہزاد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمان کو احتساب عدالت کوئٹہ کے جج منور شاہوانی کی عدالت میں پیش کرکے 12دن کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل نیب بلوچستان نے سابقہ سیکرٹری محکمہ کوسٹل ڈویلپمینٹ اینڈ فشریز آفتاب احمد بلوچ ، موجودہ ڈی جی فشریز منیر موسیانی کو بھی گرفتار کر کے احتساب عدالت کوئٹہ سے انکا ریمانڈ لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے مروجہ قوانین اور حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیر متعلقہ کمپنیوں کو قیمتی سرکاری ٹھیکے دیتے ہوئے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، گرین فائبر گلاس بوٹس، ویسل مانیٹرنگ سسٹم، سی ایمبولینس اور پٹرولنگ بوٹس کی خریداری کے ٹھیکے ان کمپنیوں کو دیئے گئے جو نہ تو مرکنٹائل میرین ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ تھیں اور نہ ہی اس شعبے کے خاطر خواہ مطلوبہ تجربہ اور اہلیت کی حامل تھیں مزید یہ کہ کام کی تکمیل اور بوٹس ،متعلقہ مشینری اور اشیاء کی وصولی کے بغیر مئی اور جون کے مہینے میں خلاف قوانین بھاری ادائیگیاں بھی کردی گئیں۔

ڈائیریکٹر جنرل نیب بلوچستان کی سربراہی میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے محکمہ کوسٹل ڈویلپمنٹ اینڈ فشریز میں بڑے پیمانے پر کرپشن میں ملوث کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے، قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ہالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں