اورکزئی ایجنسی میں انسداد پولیومہم کا آغاز،39577 بچوں کو قطرے پلانے کیلئے 191 ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں

جمعہ 12 مئی 2017 17:01

اورکزئی ایجنسی میں انسداد پولیومہم کا آغاز،39577 بچوں کو قطرے پلانے کیلئے 191 ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں
ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2017ء)اورکزئی ایجنسی میں انسداد پولیومہم کا آغاز۔39577 بچوں کو قطرے پلانے کیلئے 48 ایریا انچارج کی زیر نگرانی مجموعی طورپر 191 ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔پولیٹکل ایجنٹ اور کزئی خالد اقبال نے اورکزئی ہیڈ کوارٹر میں بچوں کو قطرے پلاکر پولیو مہم کی افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق اور کزئی ایجنسی میں 15 تا 18 مئی 4 روزہ انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب اورکزئی ہیڈ کوارٹر ہنگو میں منعقد کی گئی جسمیں پولیٹکل ایجنٹ اور کزئی خالد اقبال،ایجنسی سرجن ڈاکٹر ثمین سمیت قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پی اے خالد اقبال نے بچوں کو پولیو قطرے پلا کر باقاعدہ طورپر مہم کا افتتاح کیا۔پولیو مہم کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے ایجنسی سرجن ڈاکٹر ثمین نے کہا کہ ڈائریکٹر ہیلتھ فاٹا سروسسز کی سر پرستی اورکزئی ایجنسی میں انسداد پولیومہم کے دوران 5 سال تک کے عمر کے 39577 بچوں کو قطرے پلانے کیلئے 48 ایریا انچارچ کی نگرانی میں 191 ٹیمیں تشکیل دید ی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

جن میں 167 موبائل،فکسڈ 31،جبکہ 2 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں تربیت یافتہ عملہ گھر گھر کی دہلیز پر بچوں کو قطرے پلانے کے فرائض انجام دے گا۔جن کو فرائض کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔خطاب میں پولیٹکل ایجنٹ اور کزئی خالد اقبال نے کہا کہ پولیو جیسے مہلک مرض سے بچاو اور صحت مند معاشرے کی تشکیل نو کے لئے تما م مکاتب فکر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جہاد میں علماء کرام،علاقہ مشران،قبائلی عمائدین اور والدین کا کلیدی کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے سدباب اور بچوں کو صحت مند مستقبل سے سنوارنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے علمائکرام قبائلی والدین قبائلی عمائدین سے پرزور اپیل کی کہ انسداد پولیو مہم بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اس اہم قومی فریضہ میں پولیو عملہ کے شانہ بشانہ رہتے ہوئے بھر پور تعاون پیش کریں۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں