ہنگو،گیس بند ش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ، احتجاج کی دھمکی

منگل 4 دسمبر 2018 17:40

ہنگو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) سوئی نادرن گیس کے صارفین گیس لوڈ شیڈنگ سے بے حال، ہنگو سٹی میں صبح اور شام کے وقت گیس کی بند ش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ،حکومت نے نوٹس نہ لیا تو شدید احتجاج کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ہنگو سے پورے پاکستان کو گیس فراہم کی جا رہی ہیں مگر ہنگو کے عوام اسی گیس سے محروم ہیں اور شہری علاقو ں سمیت ملحقہ علاقاجات میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میںعلاقائی مشران و ناظمین،مولاناعبد الجلیل ، سابق ناظم گل صاحب شاہ،قاری عمران محمود کاکاخیل ، ٹکا خان عرف نور خان، ویلج ناظم فاروق احمد بنگش ، اے این پی کے جنرل سیکرٹری ابن علی، تحصیل صدر قابل خان اورکزئی ، ناظم خیال بت خان ، ہنگو ہومن ریسورس پروگرام کے ایم ڈی ناصر اکبر و دیگرنے کہا کہ ہنگو میں صرف دو فیصد آبادی کو گیس کنکشن فراہم کئے گئے ہیں اور یہ صارفین بھی گیس لوڈ شیڈنگ اور پریشر کی کمی کی وجہ سے قدرتی نعمت سے استفادہ نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رات 9بجے سے لیکر صبح 7بجے تک اور صبح 2بجے سے لیکردن کے گیارہ بجے تک گیس بالکل نہیں آتی جس کی وجہ سے گھریلو خواتین کو کھانا تیار کرنے اور سرکاری ملازمین کو ملازمت کے لئے اور بچوں کو سکول جاتے ہوئے ناشتے سے بھی محروم ہونا پڑتا ہے۔ علاقائی مشران نے پی ٹی آئی کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں گیس فراہم کی جائے ،پائپ لائن بچھانے اور پورے ضلع کو گیس فراہمی کی خوش خبریاں سنانے کا کوئی فائدہ نہیں ، عوامی حلقوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر تین کے اندر اندر گیس لوڈ شیڈنگ اور پریشر کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ڈی سی آفس کے سامنے شدید احتجاج کریں گے۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں