کم عمر بچی سے زیادتی کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنادی گئی

عدالت نے تمام تر شواہد ، ثبوت کی روشنی اور ڈی این اے میچ ہوجانے پر مجرم اسماعیل کو سزائے موت کا حکم سنایا ، مجرم پر7 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 19 مارچ 2021 12:09

کم عمر بچی سے زیادتی کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنادی گئی
ہنگو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 مارچ 2021ء ) ہنگو میں کم عمر بچی سے زیادتی کرنے والے مجرم کو جرم ثابت ہونے پرسزائے موت سنادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہنگو کی ایک مقامی عدالت نے تمام تر شواہد ، ثبوت کی روشنی اور ڈی این اے میچ ہوجانے پر مجرم اسماعیل کو سزائے موت کا حکم سنایا جب کہ مجرم پر7 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا جس کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 6 ماہ جیل میں گزارنے ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ مجرم نے 3 سال قبل ہنگو کے علاقے شاہووام میں کم عمر بچی کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا ، متاثرہ بچی کی والدہ مدیحہ بی بی زوجہ محمد اقبال کی مدعیت میں اسماعیل ولد محمد امین کے خلاف دفعہ 376/53 چائلڈپروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ، عدالت میں ہونے والی سماعت اور تحقیقات میں مجرم پر جرم ثابت ہوگیا ، جس کے بعد عدالتی فیصلہ کی روشنی میں مجرم محمد اسماعیل ولد محمد امین کوزیردفعہ 376 میں سزائے موت اور جرم زیر دفعہ 53CPA کے تحت 7 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

(جاری ہے)

ایک اور واقعے میں صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو سزائے موت سنادی گئی ، جرم ثابت ہونے پر چائلڈ پروٹیکشن کورٹ پشاور کی طرف سے 7 سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم قاری سعید کو سزائے موت کا حکم دیا گیا ، چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں ملزم قاری سعید پر بچی سے زیادتی کاالزام ثابت ہوا ، چوں کہ ملزم قاری سعید پر بچی سے زیادتی کا الزام ثابت ہوتا ہے اس لیے سزائےموت دی جاتی ہے ، چائلڈ پروٹیکشن کورٹ پشاور نے ملزم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ، ملزم قاری سعید نے 2019 میں معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں