ضلع ہنگو میں سی ٹی ڈی ٹیم پر دہشت گردوں کی فائرنگ، اہلکار محفوظ رہے، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے

منگل 2 نومبر 2021 16:21

ضلع ہنگو میں سی ٹی ڈی ٹیم پر دہشت گردوں  کی فائرنگ، اہلکار محفوظ رہے، جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے
ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2021ء) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سی ٹی ڈی ٹیم پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تاہم اہلکار محفوظ رہے جبکہ جوابی کاروائی میں 4  دہشت گرد مارے گئے اور ان کے 4  ساتھی فرار ہو گئے جن کی تلاش کےلئے  قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔  سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن ٹیم  ضلع ہنگو  کی  تحصیل ٹل اور شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام کے درمیانی علاقے میں  موجود تھی کہ اس دوران تحصیل ٹل جہازو بانڈہ کے مقام پر سی ٹی ڈی نفری پر دہشتگردوں نے اچانک نے فائرنگ شروع کر دی جس سے سی ٹی ڈی اہلکار محفوظ رہے جبکہ سی ٹی ڈی نفری اور ہنگو پولیس کی جوابی کاروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے  اور ا ن کے چار ساتھی   فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت صادق اللہ عرف القائدہ، احمد رحیم عرف سعود، صمیم سعید عرف استاد اور مصطفی خان عرف ملا  کے نام سے  ہوئی ہے  جن کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے امیر حاتم گروپ سے   بتایا جاتا ہے جو دہشتگردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔ مارے جانے والے دہشتگردوں میں سے دو پولیو  ڈیوٹی کے دوران  درجنوں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ٹارگٹ  کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

سی ٹی حکام کے مطابق دہشتگردوں سے  4 عدد ایس ایم جی، 16 عدد چارجر،  4عدد بنڈل ویر اور سینکڑوں کارتوس برآمد  ہوئے ہیں جبکہ واقعہ کے بعد سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں