ہنگو پولیس کا اے ٹی ایم مشین توڑکر لوٹنے کی کوشش کو ناکام بناکرایک مبینہ ملزم کو گرفتارکرنے کا دعویٰ

اتوار 15 مئی 2022 19:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2022ء) ہنگو پولیس نے شہر میں واقع نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین کو توڑکر لوٹنے کی کوشش کو ناکام بناکرایک مبینہ ملزم کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ زیر حراست ملزم فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی ) کا حاضر سروس ملازم بتایاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پولیس سٹیشن سٹی ہنگو کے ایس ایچ او محمودعالم خٹک نے اطلاع ملنے پر فی الفور کاروائی کرتے ہوئے ہنگو شہر میں مسلم کمرشل بینک (ایم سی بی)آٖف پاکستان کی نصب شدہ اے ٹی ایم مشین کو توڑ کر نقد رقم نکالنے کی کوشش کرنے پرایک مبینہ ملزم افضل کو حراست میں لے لیا ۔

پولیس کے مطابق ملزم فرنٹیئر کانسٹیبلری کا حاضر سروس ملازم ہے جس کا تعلق شبقدر سے ہے۔ پولیس تھانہ سٹی نے ملزم کو گرفتار کرکے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا اور ملزم کے خلاف مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ادھر ہفتہ وار تعطیل کے باعث متعلقہ بینک سے رابطہ نہ ہوسکا تاکہ واقعہ کے بارے مزید معلومات حاصل کی جاتیں۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں