ضلع کونسل ہنگو کا اجلاس،ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی

بدھ 18 اکتوبر 2017 22:07

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2017ء)ضلع کونسل ہنگو کا ایک اجلاس زیر صدارت ضلعی کنونئیر حاجی زیارت گل اورکزئی منعقد ہوا۔جس میں ضلع ناظم مفتی عبید اللہ سمیت سرکاری محکموں کے افسران،کونسل اراکین،اے ڈی لوکل گورنمنٹ عابد زمان نے شرکت کی۔اجلاس میں سرکاری محکموں کے افسران نے متعلقہ اداروں میں ضلع کونسل کے جاری کردہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ضلع کونسل کو بریفنگ دی ،ایوان کو بتایا گیا کہ مختلف سرکاری محکموں میں ضلعی حکومت کے فنڈز8کروڑ16لاکھ روپے کے تحت ترقیاتی سکیموں میں سے ایم آئی ایس کی109منصوبے مکمل جبکہ 51جاری،واٹر منجمنٹ کی19ترقیاتی سکیموں میں14مکمل پانچ پر کام جاری جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ کی10ترقیاتی سکیموں میں سات مکمل اور باقی ماندہ پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

جن کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے گے۔ضلع ناظم مفتی عبید اللہ نے کہا کہ ضلعی حکومت عوامی مفادات کے تناظر میں سرکاری اداروں کی حالت مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفس میں بجلی کے نئے جرنیٹر کی تنصیب سمیت ٹی ایم اے ٹل میں اکاونٹنٹ آسامی پر اکاونٹنٹ ہنگو ٹی ایم اے کو دوہرا چارج دی دیا گیا تا کہ ٹی ایم اے ٹل کے انتظامی امور فعال بنائے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ افسران،اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہنگو کے لئے گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دیدی گئی ہے جکہ واٹر منجمنٹ آفس کے لئے تنخواہوں کی مد میں مزید دو لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔کونسل کی متفقہ قرار دادوں کی منظوری کے بعد ضلع ناظم مفتی عبید اللہ نے سرکاری محکموں کے افسران کو ضلع کونسل کے اراکین اور ضلعی حکومت سے مکمل تعاون کرنے کی بھی تنبیہ دی گئی۔اجلاس میں ایوان کے اراکین نے تمام منظور شدہ قرار دادوں پر فوری عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں