ضلع کونسل ہنگو کا اجلاس، صوبائی حکومت اور افسر شاہی پر کڑی تنقید

منگل 14 فروری 2017 20:53

ہنگو۔14 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2017ء) ڈسٹرکٹ اسمبلی ہنگو کا ایک اجلاس ضلع نائب ناظم سید عمر اورکزئی منعقد کیا گیا۔اجلاس میں ضلع ناظم مفتی عبید اللہ،اے سی شاہد خان،ایجوکیشن آفیسر شوکت خان،ڈی او فنانس اور ایوان اراکین نے شرکت کی۔اس موقع پر یوتھ کونسلر کے خالی نشست پر منتخب یوتھ ڈسٹرکٹ کونسلر خالد رحمان سے حلف بھی اٹھا لیا۔

اجلاس کے دوران ایوان کے اراکین شاد محمد شنواری،فرید الدین،فرید سنگھ،عبد العزیز و دیگر نے تجاویز پیش کرتے ہوئے تحفظات بھی ضلعی ایوان میں ظاہر کئے۔جن میں سرکاری تعلیمی اداروں میں صوبائی حکومت کی سپیشل کنڈیشنل گرانٹ کے من پسندانہ استعمال سے تعلیمی بد حالی ،سرکاری محکموں کے لیے بنائی گئی سٹینڈنگ کمیٹیوں میں اقلیتیوں کو نمائندگی ،بھرتیوں میںاقلیتی برادری کے لئے مختص کوٹہ کی فراہمی سرکاری اداروں میں ترقیاتی امور کو ضلعی انتظامیہ کو ارسال کرنے میں تاخیر،مردم شماری کے لئے بلدیاتی ناظمین کو اعتماد میں لئے بغیر اساتذہ کی خود ساختہ فہرستوں کی تیاری،بورڈ امتحانات میں فی طالب علم چار ہزار روپے غیر قانونی وصولی اور محکمہ تعلیم کے افسران کی غفلت ،کلاس فور ملازمین بھرتیوں کی معیار کی وضاحت دیگر تجاوزی اور تحفظات شامل تھے۔

(جاری ہے)

جن کو ضلعی اسمبلی کے اراکین نے ممبران اسمبلی کے استحصال کے مترادف قرار دیا۔ اے سی شاہد خان نے ضلعی ایوان کو باور کرایا کہ کسی بھی سرکاری محکمے میں بے قاعد گی ،رشوت ستانی اور لا قانونیت کے ٹھوس ثبوت پیش کرنے پر حکومت انتظامیہ بلا تفریق کاروائی کرے گی۔ضلع ناظم مفتی عبید اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسر شاہی ضلعی حکومت کو سرکاری محکموں تبادلوںاور تقرریوں کی عمل میں صوبائی حکومت کی احکامات کے بائوجود بائی پاس کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ناظم کی سفارشات کے برعکس کی گئی بھرتیاں اور ٹرانسفر فوری طور منسوخ کی جائے۔مفتی عبید اللہ نے کہا کہ امتحانی مراکز سے نقل کی رجحان کے سدباب کے لئے جامع لائحہ عمل کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں تنصیب کے لئے 7لاکھ روپے کے اخراجات ضلعی انتظامیہ ادا کرے۔جبکہ ضلعی حکومت پہلے ہی سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کی حوصلہ آفزائی کے لئے دس لاکھ روپے مختص کر کے منظوری دے چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی اسمبلی میں قائم کردہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کو مزید فعال بنانے کے لئے چیئر مین اور اراکین کمیٹی کے لئے یومیہ ایک ہزار روپے فی اجلاس اعزازیہ بھی مقرر کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناظمین کی پیش کردہ ترقیاتی سکیموں کے فنڈز کی فراہمی اے ڈی لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیئے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری فہرستوں کی تیاری کے لئے اساتزہ کی ڈیوٹیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی اور کسی کو بھی بے قاعدگی کی اجازت نہیں دیں گے۔مفتی عبید اللہ نے کہا کہ ضلعی حکومت کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام تر وسائل بروے کار لائے جائیں گے ۔اس موقع پر کل بروز بدھ ضلع کونسل ہال میں کنونئیر کی انتخابی عمل کا بھی باضابطہ اعلان کیا گیا جس کے تحت الیکشن کمیشن ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں کل ضلعی کنونیئر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں