ہنگو:تحصیل ٹل میں تخریب کاری کی کوشش ناکام،4کلو گرام بارودی مواد ناکارہ،6 افراد گرفتار

ہفتہ 25 فروری 2017 20:13

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء)تحصیل ٹل میں تخریب کاری کی کوشش ناکام۔4کلو گرام وزنی بارودی مواد ناکارہ۔6مشکوک افراد گرفتار۔تفصیلات کے مطابق انچارج بم ڈسپوزل سکوارڈ اسد اللہ نے بتایا کہ ہفتہ کے روزاطلاع ملی کہ تحصیل ٹل کے علاقہ بنوں چوک کے مقام پر اسرافیل مارکیٹ میں واقعہ بلند خیل بس اڈا میں نا معلوم شر پسندوں کی جانب سے دو عدد 2,2کلو گرام ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب کئے گئے ہیں جس اطلاع پر بی ڈی ایس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے دونوں ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز کو ناکارہ بنا دیا ۔

(جاری ہے)

بی ڈی ایس کے انچار ج اسد اللہ نے کہا کہ اسرافیل مارکیٹ میں عموماً رش زیادہ ہوتا ہے تو شر پسند عناصر نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاںپر ریموٹ کنٹرول بم نصب کئے تاہم بی ڈی ایس کی بروقت کاروائی کی وجہ سے علاقہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔بی ڈی ایس ٹیم نے ناکارہ دونوں ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز کو پہاڑی میںبلاسٹ کر کے ضائع کر دئیے۔اس سلسلے میں ڈی پی او ہنگو احسان اللہ نے بتایا کہ دونوں بموں کو ناکارہ کرنے کے بعد پولیس نے وہاں سے 6مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا ہے جس کو تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں