ہنگو ضلعی اسمبلی کا ٹھیکہ داروں کے رویے پر اظہار برہمی،کارروائی کامطالبہ

منگل 28 فروری 2017 23:09

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) ضلع کونسل ہنگو کا ہنگامی اجلاس کنوئینر اور ضلع نائب ناظم حاجی زیارت گل اورکزئی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ سکریٹریٹ میں ہوا جس میں اے ڈی لو کل باڈی عابد زمان سمیت مختلف محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں ممبران کے ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر کام شروع نہ ہونے پر ممبران کنٹریکٹرز پر برس پڑے اور ذمہ دارٹھیکہ داروں کے ٹینڈر منسوخ کرنے اور انہیں بلیک لیسٹ کرنے کے مطالبات کیے گئے۔

ممبران نور آواز ایڈوکیٹ،حاجی عبدالعزیز،حاجی زما نور بنگش ۔سید عمر اورکزئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیموں پر ٹھیکیدار کام شروع نہیں کر رہے اس طرح ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم مفتی عبید اللہ نے واضح کیا کہ ٹھیکہ داروں کی من مانی برداشت سے باہر ہے یہ ایوان پہلے بھی ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کی قرارداد منظور کر چکا ہے ورک آرڈر کے باو جود کاموں کا شروع نہ ہونا ہم سب کی توہین ہے۔

اجلاس میں بھر پور بحث کے بعد ٹھیکہ داروں کو اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ کہ اس کے بعد ذمہ دار کنٹریکٹرز کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ضلع ناظم مفتی عبید اللہ نے کہا کہ ایک کرپٹ،بد دیانت اور اقدار سے محروم معاشرے کی بڑی وجہ نئی نسل کی بد عنوانی،کی طرف رہنمائی ہے اور امتحانی عمل سے اس روش کا اغاز ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ امتحانات کو شفاف بنانے کے لیے ضلعی حکومت نے سات ملین روپے مختص کیے ہیں اب نقل،بوٹی مافیا کلچر کو روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل جاری ہے اور اس عمل کی بدولت بچوں میں مقابلے کا رجحان پروان چڑھے گا،انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چند پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے امن و امان کی آڑ میں پنجاب اور سندگ میں پختونوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کی گئی۔ضلع نائب ناظم حاجی زیارت گل اورکزئی نے رولنگ دیتے ہوئے سرکاری محکموں کے ہیڈز کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ھدایت کی۔جبکہ ڈپٹی ایجو کیشن آفیسر عقل بادشاہ نے تعلیمی معاملات پر ایوان کو اعتماد میں لیا۔ممبر ضلع کونسل حاجی عبدالعزیز خٹک کی دو قراردادوں کو بھی ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

متعلقہ عنوان :

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں