ہنگو ‘ پاکستان میں تمام اقلیتوں سمیت ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں، حاجی زیارت گل

بدھ 15 مارچ 2017 20:28

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) ضلع نائب ناظم حاجی زیارت گل اورکزئی نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں سمیت ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں‘ انسانیت کی خدمت ہی اصل انسانیت ہے‘اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہنگوضلعی حکومت بھر پور اقدامات اٹھائے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پریم نگر ہنگومیں ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلع کونسل کے اپوزیشن لیڈر نور آواز ایڈو کیٹ ‘ پاکستان پیپلز پارٹی مینارٹیز کے صوبائی رہنما پیر نصیب چند،ضلع کونسل کے ممبران فرید سنگھ،زینب جان،پنڈت چوہدری ہری دیال سندھو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عابد زمان،ٹی ایم او اجمل خان،ہندو،سکھ،کریسچین اور مسلم کمیونٹی کے افراد اور نوجوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ضلع ناظم نے ہولی کا کیک کاٹاجبکہ ہولی کی مناسبت سے رنگوں میں شرکا کو رنگ دیا گیا۔پنڈت ہری دیال نے ہولی کے تہوار کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کے دوران حاجی زیارت گل نے اقلیتی برادری کو ہولی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام رواداری اور دوسروں کے عقائد و نظریات کے احترام کا درس دیتا ہے اور پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق اور شخصی آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت ہی ہمارے لیے معیار ہے ‘سب انسان ایک دوسرے سے محبت کریں اورایک دوسرے کی خوشحالی کو اپنی خوشحالی سمجھیں یہ ہی انسانیت کا ظرف ہے۔حاجی زیارت گل اورکزئی نے پریم نگر کی اقلیتوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔اقلیتی ضلع کونسل کے ممبر سفرید سنگھ،پی پی پی صوبائی رہنماء پیر نصیب چند اور پنڈت ہری دیال سندھو نے ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے غم اور خوشی میں مسلمان بھائی بھر پور شرکت کرتے ہیں جس پر وہ مسلمان کمیونٹی کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیار محبت اور چاہت کے جذبات ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہم معاشرے میں خوشیاں بانٹتے رہیںگے۔

متعلقہ عنوان :

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں