اوپن یونیورسٹی نے کروڑوں طلبہ کو نہ صرف تعلیم فراہم کی بلکہ انہیں ترقی کی اعلیٰ منازل تک پہنچایا، ریجنل ڈائریکٹر شاہد محمود

بدھ 22 جنوری 2020 11:45

اوپن یونیورسٹی نے کروڑوں طلبہ کو نہ صرف تعلیم فراہم کی بلکہ انہیں ترقی کی اعلیٰ منازل تک پہنچایا، ریجنل ڈائریکٹر شاہد محمود
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد محمود نے کہا ہے کہ علامہ اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں تعلیم فراہم کرنے والی مثالی درسگاہ ہے جس نے اب تک لاکھوں اور کروڑوں طلبہ کو نہ صرف تعلیم فراہم کی بلکہ انہیں ترقی کی اعلیٰ منازل تک پہنچایا، ہر سال طلبہ کی بڑھتی تعداد یونیورسٹی پر طلبہ کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے، ہزارہ بھر میں 14 ہزار سے زائد طلبہ اے آئی او یو کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، یونیورسٹی کے طلبہ اور ٹیوٹرز فروغ تعلیم کیلئے یونیورسٹی کا ساتھ دیں۔

وہ گذشتہ روز ہری پور میں طلبہ و ٹیوٹرز سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈایریکٹر محمد اشرف، سنٹر انچارج ملک سجاد عزیز، پرنسپل نمبر 1 ہائی سکول بشارت خان، فوکل پرسن عماد اعجاز، شیخ واجد حسین و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی دیگر ہم عصر اداروں کے مقابلہ میں کئی گنا بہتر تعلیمی خدمات فراہم کر رہی ہے، فاصلاتی نظام تعلیم کی فراہمی میں اوپن یونیورسٹی کو دنیا بھر میں ایک خاص مقام حاصل ہے جو یونیورسٹی سے منسلک ٹیوٹرز و طلبہ کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہر سال ہزارہ سمیت تمام ریجنز میں لاکھوں روپے کی سکالر شپس دیتی ہے تاکہ کوئی بچہ یا بچی محض سرمایہ کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہ جائے، نئے چانسلر کی تعیناتی کے بعد یونیورسٹی نے طلبہ کی سہولت کیلئے متعدد مثبت اقدامات اٹھائے ہیں جن کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ و میڈیا کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کا فیس سٹرکچر دیگر یونیورسٹی کے مقابلہ میں انتہائی کم ہے تاہم اس کے باوجود طلبہ کو در پیش مشکلات کے ازالہ کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ہزارہ بھر کے ہر نوجوان تک ہمارا پیغام پہنچے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنے مستقبل کو شاندار بنا سکے، دنیا میں جتنی قوموں نے بھی ترقی کی انہوں نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح رکھا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ فاصلاتی نظام تعلیم ہونے کے باوجود اپنی تعلیم کو سنجیدگی سے لیں اور ڈسپلن کی پابندی کریں تاکہ وہ محض ڈگری نہ حاصل کریں بلکہ بامقصد تعلیم سے بہرہ مند ہو سکیں۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ریجنل آفس پوری تندہی سے کام کرے گا، کسی بھی طالب علم کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ریجنل آفس سے رابطہ کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں