ضلعی گرلز ہائی و ہائر سیکنڈری سکولز ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، ڈپٹی کمشنر مہمان خصوصی تھے

کھیل و تفریح توانا دماغ کے ضامن ہیں، جنم بھومی کی محبت اس سے بہتر کی طرف آمادہ کرتی ہے، ثمینہ الطاف

جمعہ 20 اکتوبر 2017 11:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ضلعی گرلز ہائی و ہائر سیکنڈری سکولز ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیکٹر نمبر 2 کھلابٹ ٹائون شپ میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی گرلز ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولز ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیکٹر نمبر 2 کھلابٹ ٹائون شپ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ تھے۔

مہمان خصوصی کی آمد پر پی ٹی پلاٹون اور ویلکم بینڈ نے مظاہرے پیش کئے جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فی میل ہری پور میڈم ثمینہ الطاف، صوبائی ٹورنامنٹ سیکرٹری میڈم فریدہ، زونل ہیڈ و وائس پریزیڈنٹ شگفتہ شاہین پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیکٹر نمبر 2 کھلابٹ ٹاؤن شپ، پرنسپل جی جی ایچ ایس نمبر2 ہری پور میڈم روبینہ بھی تقریب میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

پریس سیکرٹری مس شازیہ کے مطابق ضلعی گرلز ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولز ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے کھلابٹ کا سماں رنگا رنگ ہو گیا۔ طالبات نے مشعلیں جلا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔ پی ٹی اور ویلکم بینڈ کے مختلف مظاہروں سے ناظرین کی آنکھیں چندھیا گئیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت اور نعت سے کیا گیا۔

اس کے بعد ویلکم سانگ کے ٹی ایس سیکٹر1 کی طالبات نے پیش کیا اور پوئم اور ملی نغمہ کے ٹی ای سیکٹر 3 کی طالبات نے پیش کیا جبکہ کلر پارٹی کے ٹی ایس سیکٹر4 کی طالبات نے پیش کی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ثمینہ الطاف نے اپنے خطاب کے دوران ٹورنامنٹ سیکرٹری و آرگنائزنگ کمیٹی کی طرف سے افتتاحی تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پورا ٹورنامنٹ اسی شان و شوکت سے بڑھے گا اور تمام گرلزز سکولوں کی تمام ایونٹس میں بھرپور شرکت اس کو مزید چار چاند لگائے گی۔

انہوں نے ہم نصابی سرگرمیوں کو نصابی سرگرمیوں کی بہتری کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ کھیل و تفریح توانا دماغ کے ضامن ہیں، اس سے پہلے وہ ایبٹ آباد میں اپنے فرائضِ منصبی کو ادا کر رہی تھیں، امسال ہری پور ان کی بھرپور توجہ کا مرکز ہے اور جنم بھومی کی محبت اس سے بہتر کی طرف آمادہ کرتی ہے۔ تقریب کے آخر میں مہمانِ خصوصی ڈی سی فیاض علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ہری پور کے ٹیلنٹ کا معترف ہو چکے ہیں، جس طرح یہاں طالبات نے تقریب کی رونمائی کی، وہ اس سے بہت متاثر ہیں، ہم پر امید ہیں کہ علاقہ تعلیمی میدان میں بھی اسی طرح جلوہ نمائی کر رہا ہے۔

انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری ٹورنامنٹ، ڈی ای او فی میل اور دیگر ممبران کو خراجِ تحسین پیش کیا اور طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں