حکومت عاصمہ زیادتی اور قتل کیس میں ملوث افراد کوگرفتار کر کے سزا دے، یونس اعوان

منگل 23 جنوری 2018 10:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) سماجی تنظیم ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (ایچ آر پی ڈی سی) کا مذمتی اجلاس گذشتہ روز ایگزیکٹو ڈائریکٹر یونس اعوان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تنظیم کے دیگر عہدیداران نیئر عباس جعفری، محمودالرحمن، محمد ریاض، عرفان خان شاہ نواز اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع مردان میں معصوم بچی عاصمہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ زیادتی اور قتل میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ملزمان کی عدم گرفتاری اور قانون پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے قصور اور مردان جیسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات کے اصل محرکات سامنے لائے جائیں کیونکہ ایسے واقعات کی وجہ سے پورے ملک میں خوف و ہراس اور تشویش کی فضاء قائم ہے۔

اجلاس میں پورنو گرافی کے لئے معصوم بچوں کو اغواء اور زیادتیوں کا نشانہ بنانے کی خبروں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت اور حکومتی اداروں کو اس حوالہ سے بھی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے، یہ کوئی معمولی واقعات نہیں، تمام صوبائی حکومتوں سمیت مرکزی حکومت اور سینٹ کے ممبران کو فوری طور پر مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، اگر پورنو گرافی جیسے غیر انسانی فعل پاکستان جیسے اسلامی ملک میں ہو رہے ہیں تو ان کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے اور سخت سزائوں کا تعین کیا جائے بصور ت دیگر ملک دشمن قوتوں کو پاکستان میں گھنائونا کھیل کھیل کر ملک کو ناکام ریاست ظاہر کرنے کا موقع ملے گا۔

اجلاس میں کراچی میں نوجوان نقیب الله محسود کی ماورائے عدالت قتل کے واقعہ کی بھی مذمت کی گئی اور اس کے قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں