پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور کی اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (ہریپورین) قائم کر دی گئی

بدھ 25 اپریل 2018 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور کی اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (ہریپورین) قائم کر کے عارضی طور پر کالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالوہاب خان کو صدر کے فرائض تفویض کردیئے گئے، تنظیمی امور اور آئین مرتب کرنے کیلئے ایگزیکٹو کونسل اور آئینی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ اس حوالہ سے کالج سے فارغ التحصیل سینئر ترین سابق سٹوڈنٹس کا اجلاس کالج ہال میں منعقد ہوا جس میں کالج کے پرنسپل اور پروفیسرز نے شرکت کی۔

کالج کے پروفیسر وحید قریشی نے ایسوسی ایشن کے قیام کی قرارداد پیش کی جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کر لیا جس کے بعد پرنسپل پروفیسر عبدالوہاب خان نے ایسوسی ایشن کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مختلف تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ایسوسی ایشن کالج کے مسائل کے حل اور تعلیمی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے کالج کے پہلے بیج میں گریجویشن کرنے والے اور طلباء تنظیم اباسین کے سابق صدور تحسین الحق اعوان اور اعجاز علی خان درانی سمیت ممتاز شاعر صدیق منظر ایڈووکیٹ، ماہر تعلیم عباس خان، طاہر امین، راجہ حفیظ انور، ڈاکٹر رضوان، اعجاز خان، شمائلہ پرویز، زباریہ نقوی اور کالج کی طرف سے پروفیسر وحید قریشی، پروفیسر شاہ نواز خان، پروفیسر علی اصغر، سردار افتخار، ڈاکٹر اشفاق احمد خان پر مشتمل 15 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی جبکہ ایسوسی ایشن کا آئین مرتب کرنے کیلئے صدیق منظر ایڈووکیٹ، قاضی مودودالحق اور خورشید اظہر ایڈوکیٹ پر مشتمل تین رکنی آئینی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

اجلاس سے ایگزیکٹو کونسل میں شامل ممبران کے علاوہ جج اینٹی کرپشن سید کمال شاہ، پی پی کے رہنما ذوالفقار قریشی، ڈاکٹر عتیق الرحمن، عبید، احمد نواز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک سے قبل اولڈ سٹوڈنٹس کا دوبارہ اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں تنظیم سازی مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تنظیمی امور بھی طے کئے جائیں گے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں