ٹریفک پولیس میں نفری بڑھانے کے باوجود ہری پور کی عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ نہیں ہو سکا

بدھ 14 نومبر 2018 16:40

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ٹریفک پولیس میں نفری بڑھانے کے باوجود ہری پور کی عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ نہیں ہو سکا، سرشام ہی شہر کے لنک روڈز پر ٹریفک کی بھرمار دکھائی دیتی ہے، اہلکار ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں ناکام ثابت ہوئے، عوام نے ڈی پی او ہری پور سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس میں اہلکاروں کی کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ تعینات اہلکاروں کو بھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں مشکلات درپیش تھیں جس پر ڈی پی او ہری پور نے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جس کے بعد چالانوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا تاہم شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی نہیں آ سکی۔

جی ٹی روڈ کے علاوہ شہر کی رابطہ سڑکوں، سرکلر روڈز، ڈاکخانہ روڈ، رحمانیہ روڈ اور شکر شاہ روڈ پر بھی بالخصوص مغرب کے بعد شدید ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے میں آتے ہیں جبکہ لنک روڈ ز پر اہلکاروں کی عدم تعیناتی کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او ہری پور سے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں