ہری پور کے عوامی حلقوں نے ٹی بی سنٹر کو میلم سے ڈاکخانہ روڈ پر منتقل کرنے کے فیصلہ پر تحفظات کا اظہار کر دیا

جمعہ 16 نومبر 2018 12:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) ہری پور کے عوامی حلقوں نے ٹی بی سنٹر کو میلم سے ڈاکخانہ روڈ پر منتقل کرنے کے فیصلہ پر تحفظات کا اظہار کر دیا، ایپکا اور سول سوسائٹی کے وفد نے یوسف ایوب خان کو ٹی بی سنٹر کی منتقلی کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ ایپکا کے ضلعی چیئرمین سردار حفیظ احمد، ضلعی صدر راجہ زبیر، سینئر نائب صدر جہانگیر اختر، جنرل سیکرٹری ملک امجد ریاض، صدر ایپکا ایجوکیشن یونٹ محمد یوسف جنجوعہ، متحدہ علماء کونسل کے چیئرمین مولانا قاضی غلام مجتبٰی، جنرل سیکرٹری قاضی الفت حسین، ممبران ضلع کونسل سردار ممتاز خان، راجہ حسرت، تحسین الحق اعوان، ڈاکٹر شیر بہادر اور دیگر نے تحریک انصاف کے رہنما یوسف ایوب خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

(جاری ہے)

سردار حفیظ اور تحسین الحق اعوان نے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ خان برادران کی طرف سے ہیلتھ کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اور کروڑوں روپے کی فنڈنگ کی وجہ سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آج اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات موجود ہیں جن سے عوام بخوبی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یوسف ایوب خان کو بتایا کہ ٹی بی سنٹر کی ہری پور شہر سے میلم منتقلی کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر میں واقع سنٹر میں روزانہ تقریباً ڈیڑھ سو سے دو سو مریض طبی معائنہ کیلئے آتے تھے لیکن میلم منتقلی کے بعد ٹی بی سنٹر کی او پی ڈی کم ہو کر پانچ تک رہ گئی ہے جس سے ٹی بی سنٹر کے قیام کا مقصد فوت ہو گیا ہے۔

وفد نے تجویز پیش کی کہ پرانی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکخانہ روڈ پر واقع فیملی پلاننگ سنٹر کی جگہ ٹی بی سنٹر کو منتقل کر دیا جائے اور ٹی بی سنٹر کو بی ایچ یو میلم میں شفٹ کر دیا جائے کیونکہ وہ ہر لحاظ سے فیملی پلاننگ سنٹر کیلئے موزوں ہے۔ یوسف ایوب خان نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذکورہ تجویز پر عمل درآمد کیلئے وہ ڈی ایچ او سے بات کریں گے۔ ملاقات کے دوران ڈی ایچ او آفس کی کانگڑہ کالونی سے ہری پور منتقلی کے حوالہ سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سرکاری عمارت نہ ملنے کی صورت میں کرایہ پر دفتر لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں