فائر سیزن کے دوران ایمرجنسی کی اطلاع بروقت پہنچانے کیلئے محکمہ جنگلات ہری پور نے کنٹرول روم قائم کر دیا ، پانچ سالوں میں بلین ٹری منصوبہ کے دوران محکمہ جنگلات کے فارسٹر جاوید اختر سمیت چار اہلکار شہید ہو چکے ہیں

کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر محکمہ جنگلات ہری پور عبید الرحمن کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

جمعہ 26 اپریل 2019 10:05

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر محکمہ جنگلات ہری پور عبید الرحمن نے کہا ہے کہ فائر سیزن کے دوران کسی بھی ایمرجنسی کی اطلاع بروقت پہنچانے کیلئے محکمہ جنگلات ہری پور نے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جس پر اطلاع کی صورت میں محکمہ فوری ری ایکشن دے گا اور آگ کو قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا کر اقدامات کرے گا، گذشتہ پانچ سالوں میں بلین ٹری منصوبہ کے دوران محکمہ جنگلات کے فارسٹر جاوید اختر سمیت چار اہلکار شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں چرند و پرند بھی ہلاک ہو جاتے ہیں۔

وہ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ فائر سیزن اپریل سے شروع ہو چکا ہے جو جولائی تک جاری رہے گا، عوام جنگلوں کے قریب آگ لگانے سے گریز کریںاور بچوں کو بھی بتائیں کہ ایسی حرکات سے باز رہیں تاکہ جنگلات کو نقصان پہنچانے سے بچایا جا سکے، تمام شہری اپنے جنگلات کے تحفظ کیلئے محکمہ کاساتھ دیں اور اپنے اپنے علاقوں میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور آگ لگنے کی صورت میں محکمہ جنگلات ہری پور کے ایمرجنسی کنٹرول روم نمبر 0995-611846 پر فوری اطلاع دیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کیلئے ہم سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہو گا اور ایسے عناصرکے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے جو جنگلات کے دشمن ہیں لیکن اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی تعاون ناگزیر ہے جبکہ عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لینے کے علاوہ پورے ضلع میں درجنوں بینرز آویزاں کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو جنگلات کی اہمیت اور فائر سیزن کے دوران جنگلات کو آگ لگنے سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں