اسلام مسلمانوں کی طرح غیرمسلموں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے، ڈاکٹر مہیمن

جمعہ 26 اپریل 2019 10:05

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) اسلام جس طرح مسلمان کی جان، مال اور عزت کو تحفظ دیتا ہے اسی طرح غیر مسلموں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے، اس کی مثال دنیا کے کسی دوسرے مذہب میں نہیں ملتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس حوالہ سے اسلام کی تعلیمات کو عام کیا جائے تاکہ وطنِ عزیز میں رہنے والے غیر مسلم امن سے رہ کر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار سپیکم سوسائٹی کے چیئرمین اور شعبہ علوم اسلامیہ و دینیہ کے صدر ڈاکٹر مہیمن نے سپیکم سوسائٹی کے زیراہتمام اقلیتوں کے حقوق اور مسائل کے عنوان کے تحت ایک روزہ آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، یہاں تک کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی قیام پاکستان سے پہلے اسلامی ریاست کا تصور پیش کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل یقین دہائی کرائی تھی، تعلیمی اداروں میں غیر مسلم طلبہ و طالبات کو ان کی مرضی کے خلاف اسلامیات پڑھانا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے اور یہ ضروری ہے کہ ان کو ان کے مذہب کی تعلیمات فراہم کی جائیں، جب تک ہم غیر مسلم اقلیتوں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں کریں گے دنیا بھر میں موجود مسلمان اقلیتوں کے مسائل کا حل بھی ممکن نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

تقریب کی خاص بات یونیورسٹی میں موجود غیر مسلم طلبہ و طالبات کی شرکت تھی جنہوں نے اس موقع پر کہا کہ اقلیتی برادری نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر سپیکم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سپیکم کے ساتھ مل کر ہم سب اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں