ماڈل کورٹ نے کھلابٹ دوہرے قتل کیس میں میر افضل عباسی سمیت تین دیگر ملزموں کو باعزت بری کر دیا

ہفتہ 18 مئی 2019 19:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ہری پور کی ماڈل کورٹ نے کھلابٹ کے مشہور دوہرے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے میر افضل عباسی سمیت تین ملزمان کو باعزت بری کر دیا، ملزمان کی جانب سے سینئر قانون دان و سابق صدر ہائی کورٹ بار جاوید تنولی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق 18 نومبر 2012ء کو تھانہ کھلابٹ میں مدعی ذاکر ولد محمد اسلم سکنہ سیکٹر نمبر تین کھلابٹ نے رپورٹ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حیدر زمان ولد میر سلطان سکنہ سیکٹر تین کے ڈیرے سے اٹھ کر وہ سڑک کی طرف جا رہا تھا کہ اسی اثناء میں میر افضل ولد شیر افضل، نزاکت ولد نامعلوم، جاوید ولد نامعلوم ساکنان کھلابٹ بامسلح وہاں کھڑے تھے جنہوں نے دیکھتے ہی اسلحہ سے مجھ پر فائرنگ شروع کر دی جس سے گردن میں گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا جبکہ دو راہگیر غلام رسول شاہ ولد سید عبدالغفور شاہ سکنہ بیڑ اور نوید الرحمن عرف نومی ولد عبدالحمید سکنہ محلہ سوہا فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہونے راستہ میں ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

وجہ عداوت میر افضل اور حیدر زمان کی آپس میں پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔ دریں اثناء پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا جنہیں عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ کر دیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں