پاک سعودی تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں ،مسلم امہ میں اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے، سعودی سفیر

ہفتہ 18 مئی 2019 20:45

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہاہے کہ سعودی حکومت اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلیمان بن عبدالعزیز کی پاکستان کیلئے خدمات لائق ستائش ہیں ، پاک سعودی تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں ،موجودہ حالات میں مسلم امہ میں اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے تاکہ عالم اسلام کو یہود ونصاریٰ کے سازشوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز ہری پور میں انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او)کے تعاون سے تعمیر ہونیوالی جامع ہری پور مدینہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر ،ڈی جی انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او) سعد مسعود الحارثی ،مرکزی رہنماء پی ٹی آئی یوسف ایوب خان ،ممبر صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان ،چانسلرہری پور یونیورسٹی انور جیلانی ،جاوید بٹ ، قاری یوسف ،راجہ وسیم کیانی ،راجہ شکیل کیانی ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر کہا کہ انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او) کی دینی و فلاحی خدمات لائق ستائش ہیں ، ہری پور میںجامع ہری پور مدینہ اور حرا چلڈرن ہوم کا قیام بھی ایک اہم کارنامہ ہے ،یتیم اور بے سہار ا بچوں اور بچیوں کی تعلیم و تربیت ایک قومی فریضہ ہے ، جس کیلئے سعودی حکومت اور رابطہ عالم اسلامی کی کاوشوں تاریخی اہمیت کی حامل ہے ، ان کی خدمات پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت کی دلیل ہیں ۔

بعد ازاں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سعودی حکومت کی سرپرستی میں چلنے والے یتیم طلبہ و طالبات کے لئے قائم تعلیمی ادار ے حراء چلڈرن ہوم ہری پور کا دورہ کیا ،اس موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رحیم بخش نے ادراہ ہذا کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرویایا اور ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی ، انہوں نے بتایا کہ ادارے میں ایک ہزار بچوں کے گنجائش موجد ہے ،اس وقت 390طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں ، انہیں ہوسٹل کی سہولت بھی حاصل ہے ،اس ادارے سے فارغ التحصیل بہت سے طلبہ و طالبات اس وقت ملک بھی میں اہم عہدوں پر فائز ہو کر ملک و ملت کی خدمت کا فریضہ ادا کر رہے ہیںاس موقع پر حراء چلڈرن ہوم کی طرف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی ۔

ہری پور کے دورے کے اختتام پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی رہنماء پی ٹی آئی یوسف ایوب خان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں ان کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے مابین ملکی توانائی بحران اور تیل و گیس کے منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب خان، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصر ،ڈی جی انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او) سعد مسعود الحارثی ،مرکزی رہنماء پی ٹی آئی یوسف ایوب خان ،ممبر صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان ،کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر الاسلام ، ڈپٹی کمشنر عارف اللہ ،ڈی آئی جی محمد علی بابا خیل ،ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں ۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں