ساڑھے چار ارب کی لاگت سے تیار ہونے والا ہری پور بائی پاس عنقریب عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، اکبر ایوب خان

پیر 17 جون 2019 14:05

ساڑھے چار ارب کی لاگت سے تیار ہونے والا ہری پور بائی پاس عنقریب عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، اکبر ایوب خان
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ ساڑھے چار ارب کی لاگت سے تیار ہونے والا ہری پور بائی پاس عنقریب عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، سٹی بائی پاس کیلئے 35 کروڑ روپے کی رقم مختص کر دی ہے، صوبائی کابینہ سے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں اکنامک زون کی منظوری حاصل کر لی ہے جس سے بیروزگاری کے خاتمہ میں خاطر خواہ مدد ملے گی، پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تعمیر و ترقی کے وژن کو آگے لیکر بڑھ رہی ہے، جتنے میگا پراجیکٹس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ضلع ہری پور میں مکمل ہوئے ہیں اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

وہ شاہ محمد میں کمیونٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ رہنما پی ٹی آئی یوسف ایوب خان، ضلع ناظم اختر نواز خان، سابق ناظم خورشید انور خان، ناظم وی سی عبدالقادر، حافظ شفیق الرحمن، معظم خان، سابق صدر چیمبر سید صفدر زمان شاہ کونسلر ارشد اعوان، حاجی ولایت خان، اے ڈی او ممتاز خان، سابق ناظم صالح محمد سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اکبر ایوب خان نے کہا کہ حلقہ کی عوام نے جس پیار و محبت کا ثبوت دیا اس کا احسان وہ کبھی بھی نہیں چکا سکتے، شاہ محمد کے عوام نے ہمیشہ ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان اور رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے چار ارب کی لاگت سے تیار ہونے والا ہری پور بائی پاس عنقریب عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں