ضلع ناظم اختر نواز خان نے ضلع کونسل ہری پور کا مالی سال 2019-20ء کیلئے 7 ارب 13 کروڑ 52 لاکھ کا بجٹ پیش کر دیا

ہفتہ 20 جولائی 2019 14:45

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) ضلع ناظم اختر نواز خان نے ضلع کونسل ہری پور کا مالی سال 2019-20ء کیلئے 7 ارب 13 کروڑ 52 لاکھ روپے کا تاریخ ساز بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ پر بحث سوموار کے روز ہو گی، ترقیاتی کاموں کیلئے 44 کروڑ 88 لاکھ 94 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں، پی ٹی آئی منشور کے مطابق بجٹ میں غیر ضروری اخراجات کو کم کیا گیا ہے، بجٹ میں ضلع بھر کی مساجد کے سولر سسٹم کیلئے 2 کروڑ 30 لاکھ 94 ہزار روپے بھی رکھے گئے ہیں، محکمہ تعلیم میں سکولوں کی مرمت اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے لگ بھگ 7 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے، بی ایچ یوز کی بحالی کیلئے 7 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے، آر ایچ یوز کی بحالی کیلئے 2 کروڑ 64 لاکھ روپے جبکہ ایمرجنسی ادویات کی فراہمی کیلئے 4 کروڑ 50 لاکھ رپے، سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر 22 کروڑ، دوران ملازمت وفات پا جانے والے سرکاری ملازمین کی مالی معاونت کیلئے دو کروڑ روپے کی رقم کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

ضلع بھر کے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 5 ارب 90 کروڑ 82 لاکھ، ضلع کونسل سیکرٹریٹ کیلئے 9 کروڑ 58 لاکھ، 94 ہزار جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل کے ترقیاتی کاموں کیلئے 16 کروڑ 50 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اسی طرح مالی سال 2018-19ء کا نظرثانی شدت بجٹ بھی پیش کیا گیا جس میں مختلف شعبوں میں مختص رقوم میں ضرورت کے مطابق ردوبدل کیا گیا۔ بجٹ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عارف الله اعوان، ڈی پی او ڈاکٹر زاہد الله جان، ایڈیشنل ایس پی ذوالفقار جدون سمیت محکمہ جاتی افسران نے خصوصی شرکت کی۔

بجٹ اجلاس کے آغاز میں کنوینئر نائب ناظم آغا شبیر احمد نے ممبران ضلع کونسل کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چار سالوں میں ہائوس کو چلانے میں مثالی کردار ادا کیا، آج اس سسٹم کا چوتھا اور آخری بجٹ پیش کیا جا رہا ہے، آنے والے سسٹم میں نہ جانے کون ہو اور کون نہ ہو مگر عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے ہمیں اپنی ذمہ داریاں ہر حال میں پورا کرنی ہیں۔ بجٹ پیش کرتے ہوئے ضلع ناظم اختر نواز خان نے کہا کہ ہائوس ممبران نے ان کے مختصر اور چند ہی ماہ کے دور میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جس پر وہ تہہ دل سے ان کے مشکور و ممنون ہیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں