سستی بجلی کے حصول کے لئے پن بجلی کی پیداوار و سولرسسٹم پر انحصار کیا جائے گا، وفاقی وزیر برائے توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان

جمعرات 17 اکتوبر 2019 16:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سابقہ پی پی پی و مسلم لیگ(ن) کے دورہ اقتدار میں مہنگی بجلی فراہم کرکے غریب عوام پر بھاری بوجھ ڈالا گیاتھا۔ دس سالوں کے دوران 24ہزار ارب روپے کا قرضہ لے کر ملکی معیشت کا دوالیہ کیاگیا۔عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ۔

سستی بجلی کے حصول کے لئے پن بجلی کی پیداوار و سولرسسٹم پر انحصار کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ ملک کے لئے نہیں بلکہ اس کا فائدہ ہندوستان کو ہو گا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے غازی ہائی سکول میں وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرام کے افتتاح کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے جی بی ٹی آئی کی معاونت سے خواتین و مرد وں کو کاروبار کے لئے 25 لاکھ روپے کے بلاسود قرضوں کے چیک بھی تقسیم کئے۔

تقریب سے ایم پی اے فیصل زمان، جی بی ٹی آئی کے چیف ایگزیکٹو ملک فتح خان، جنرل منیجر آئی ایف ایل پروگرام (پی پی اے ایف) فرید صابر ، وی ڈی او کے صدر چوہدری حق نواز نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ احساس پروگرام ملک سے غربت کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعظم عمران کی ہدایت پر ملک بھر کے سو کے قریب اضلاع میں یہ پروگرام شروع کیا جا چکا ہے۔

جس سے ایک کروڑ 62 لاکھ افراد مستفد ہونگے۔ احساس پروگرام غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا۔ غریب گھرانوں کو چھوٹے کاروبار کے لئے قرضوں کی فراہمی سے اُنکی معاشی حالت کو بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔ بجلی کی پیداوار بڑھنے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔ ہمارا فوکس پن بجلی و سولر سسٹم سے سستی بجلی حاصل کرنا ہے۔ حلقہ میں بجلی و گیس کی فراہمی پر کام جاری ہے، حلقہ کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں