کھیلوں کے گرائونڈز سرکاری ملکیت اور مقامی کھلاڑیوں کا اثاثہ ہیں، انہیں مخصوص لوگوں کے حوالہ نہیں کر سکتے، احمد زمان

منگل 22 اکتوبر 2019 11:10

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) کھیلوں کے گرائونڈز سرکاری ملکیت اور مقامی کھلاڑیوں کا اثاثہ ہیں، انہیں چند مخصوص لوگوں یا مافیا کے حوالہ نہیں کر سکتے، صوبائی حکومت کی طے کردہ صوبائی پالیسی پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا، اس ضمن میں کسی دھونس، دھاندلی یا دھمکی کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، مخصوص مافیا اپنے عزائم میں ناکامی پر بے بنیاد پراپیگنڈے میں مصروف ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر احمد زمان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور کے گرائونڈ کی ماضی میں بری حالت تھی، ہم نے اپنی پوری تگ و دو کر کے ان گرائونڈز کی بحالی کیلئے کوششیں کیں، وہاں پر گرائونڈز میں تعینات کروائے تاکہ یہاں پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں، ان کے انتظام کیلئے کھلاڑیوں پر مشتمل مینجمنٹ کمیٹیاں بنائیں لیکن ایک مخصوص مافیا جو گرائونڈز پر اپنی اجارہ داری کا خواہش مند تھا، کھلاڑی دوست پالیسی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرائونڈز پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کیلئے انتہائی معمولی فیس مقرر کی گئی تاکہ کھلاڑیوں میں اونر شپ کا جذبہ پیدا ہوا اور ان گرائونڈز سے ہونے والی آمدن کو انہی گرائونڈز کی بہتری کیلئے استعمال کیا جا سکے تاہم ایک مخصوص مافیا اسے غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے، صوبائی سطح پر قیوم سٹیڈیم میں بھی یہی پالیسی لاگو کی گئی ہے لہذا اسے ہری پور میں بھی پوری سپرٹ کے ساتھ لاگو کیا جائے گا۔

احمد زمان نے کہا کہ ہری پور میں سپورٹس کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے جتنا کام ان کے دورمیں ہوا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، وہ اپنے سرکاری فرائض منصبی پوری دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیں گے اور حکومتی پالیسی پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا۔ اس ضمن میں کسی کی بلیک میلنگ یا دھونس دھاندلی کا شکار نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں