ماڈل کورٹ نے کالو پنڈ قتل کیس میں ملزم کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور دو لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی

بدھ 13 نومبر 2019 22:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ماڈل کورٹ کے جج سجاد احمد جان نے کالو پنڈ کے مشہور قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر 33 سال قید اور دو لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی، دیگر ساتھی عدم ثبوت کی بناء پر باعزت بری کر دیئے گئے، ملزمان کی جانب سے ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سینئر ایڈووکیٹ فضل حق عباسی جبکہ مدعی کی جانب سے ممتاز قانون دان جاوید تنولی پیش ہوئے، عدالت سے انصاف ملنے پر متوفی کے لواحقین نے فاضل عدالت کے جج کو ڈھیروں دعائیں دیں۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ نجیب الله کی حدود کالو پنڈ میں 10 ستمبر 2016ء کو قتل کی واردات ہوئی تھی جس میں ایمرجنسی پولیس میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے 55 سالہ حاجی مطلوب خان ولد غلام محمد عمر ساکنہ کالو پنڈ نے بتایا کہ وہ اپنے بھتیجے امریز خان ولد امر خان ساکنہ کالو پنڈ کے گھر گیا، صبح ساڑھے آٹھ کے قریب ملزمان سبحان خالد ولد صدیق اور صدیق ولد الله داد سکنہ کالو پنڈ اور ارشد ولد خان محمد ساکن کمال پورہ ہری پور امریز خان کے دروازے پر آئے، ارشد اور سدھیر دونوں مذکورہ ملزمان نے خالد خان سے کہا کہ مطلوب خان کو جان سے مار دو جس پر خالد خان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مطلوب خان کو زخمی کر دیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

(جاری ہے)

قتل کی واردات سے قبل مقتول سعودی عرب بسلسلہ روزگار تھا اور گھر چھٹی آیا ہوا تھا کہ قتل کی واردات میں بے گناہ موت کی بھینٹ چڑھ گیا۔ یہ کیس ہری پور کی مختلف عدالتوں میں سماعت کے بعد ٹارگٹ کیس ہونے پر ماڈل کورٹ کے جج سجاد احمد جان کو ریفر کیا گیا جنہوں نے قریب دو ماہ کے اندر اس قتل سے منسلک تمام شہادتیں اور گواہوں کے بیان قلمبند کروائے اور بحث کیلئے مدعی اور مقتول کے وکلاء کو تاریخ دی۔

بحث کے بعد عدالت نے جرم ثبوت ہونے پر ملزم خالد ولد صدیق کو زیر دفعہ 302 میں عمر قید دو لاکھ روپے جرمانہ، زیر دفعہ 452 میں پانچ سال قید اور 15 اے اے میں تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ کی سزائیں سنائیں، مجموعی طور پر ملزم کو 33 سال قید اور دو لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ کی سزائیں سنائی گئی۔ قتل کی اس واردات میں ملزم کے والد محمد صدیق اور ملزم ارشد کو عدم ثبوت کی بناء پر عدالت نے باعزت بری کر دیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں