وفاقی وزیر عمر ایوب خان سے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان کی ملاقات، حلقہ کے مسائل پر تبادلہ خیال

جمعہ 28 فروری 2020 11:05

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان سے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی کی42- فیصل زمان نے ملاقات کی، ان کے ہمراہ شاہد اقبال خان دلہ زاک سید اشفاق شاہ، عمر ایوب خان کے کوآرڈینیٹرز ساجد محمود خان اور جاوید اقبال بھی موجود تھے۔ ملاقات میں فیصل زمان نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ ان کے حلقہ انتخاب میں بجلی، گیس سڑکیں، واپڈا، تربیلا روڈ کے قومی منصوبہ جات کو جلد مکمل کروایا جائے اور مزید سڑکوں کیلئے فنڈ حاصل کیا جائے تاکہ صوبائی حلقہ پی کے 42- تمام منصوبہ جات مکمل ہوں۔

رکن صوبائی اسمبلی نے ملاقات میں بتایا کہ غازی سلم کھنڈ سڑک مکمل ہو گئی ہے، اپنے فنڈز سے ناڑہ امازئی، بیٹ گلی، کھلابٹ و دیگر ایریا میں سڑکیں بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد وفد نے بتایا کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا کہنا تھاکہ اربوں روپے کا واپڈا تربیلا سڑک کا منصوبہ ٹینڈر کے مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ واٹر سپورٹس پارک غازی بروتھا بیراج کے قریب بنایا جا رہا ہے، جھامرہ روڈ پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ وہ اس صوبائی حلقہ کے لنک روڈز اور دیگر سڑکوں کیلئے فنڈز کے حصول کی خاطر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے درخواست کریں گے اور ایک سال کے اندر صوبائی حلقہ کے تمام اہم مقامات پر اربوں روپے کے بجلی اور گیس کے منصوبہ جات مکمل ہو جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ جھامرہ کوٹیہڑہ خیر باڑہ پیپلیالہ میں سوئی گیس کی فراہمی کا کام جلدی شروع ہو جائے گا اور تحصیل غازی میں اب تک 35 نیو ٹرانسفارمر فراہم کر چکے ہیں اور باقی بھی کر رہے ہیں جبکہ سری کوٹ بائی پاس روڈ پر کام جاری ہے۔ ملاقات کے آخر میں شاہد اقبال خان دلہ زاک رہنما جہازوں والا گروپ نے گروپ کے سربراہ الحاج محمد رحمن کی طرف سے وفاقی وزیر عمر ایوب خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں