منافقت کی انتہا ہے کہ لوگ سڑکوں پر گھسیٹنے کی بات کرنے والے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے ہم نوا بن چکے ہیں، تہمینہ فہیم

پیر 28 دسمبر 2020 17:41

ہری پور۔28دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28دسمبر2020ء) :تحریک انصاف شعبہ خواتین ہزارہ ڈویژن کی صدر تہمینہ فہیم اور تحریک انصاف شعبہ خواتین ہزارہ ڈویژن کی جائنٹ سیکٹری حنا خان نے کہا  ہے کہ منافقت اور مفاد پرستی کی انتہا ہے کہ جو لوگ کل ایک دوسرے کے گھلے میں پٹا ڈال کر سڑکوں پر گھسیٹنے کی بات کرتے تھے آج وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے ہم نوا اور ہم پیالہ بنے ہوئے ہیں۔

میڈیا کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش میں دفن بھٹو اور بی بی کی روحوں کو تڑپانے کے بعد راج کماری اور شہزادہ بے بسی کی تصویر بنے رہے، پیٹ پھاڑ کر حرام کی دولت نکالنے کے دعویدار پیپلزپارٹی کا نعرہ لگا کر کرپشن کے بے تاج بادشاہ کو اپنا آقا تسلیم کر چکے ہیں، تاریخ پہ تاریخ دینے والے خود سیاہ تاریخ بننے کو ہیں۔

(جاری ہے)

میڈم تہمینہ فہیم اور حنا خان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں اور یہی بات پی ڈی ایم والوں کو کھائی جا رہی ہے، عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد اب یہ لوگ ملک میں انارکی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لیکن اپنے مذموم مقاصد میں یہ لوگ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے عوام محب وطن اور انتشار کی سیاست سے نفرت کرنے والے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کو عوام نے منتخب کیا ہے اور اب بھی عمران خان کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں