شاہ محمد کے قریب ٹیوٹا وین الٹنے سے 4 مسافر جاں بحق، خاتون اور تین بچوں سمیت 11 مسافر شدید زخمی

ہفتہ 18 اگست 2018 11:11

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) چک شاہ محمد کے قریب موٹر وے پر مانسہرہ سے راولپنڈی جانے والی ٹیوٹا وین الٹ جانے سے چار مسافر جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور تین بچوں سمیت 11 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات مانسہرہ سے راولپنڈی جانے والی ٹیوٹا ہائی ایس وین ضلع ہری پور کی حدود چک شاہ محمد کے قریب موٹر وے پر اُلٹ گئی، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، موٹر وے پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ریسکیو کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ہری پور منتقل کیا۔

ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کیڈٹ محمد صابر نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ کا شکار ہونے والی گاڑی ٹیوٹا ہائی ایس مسافر وین نمبر پشاور ای 7538- مانسہرہ سے راولپنڈی جا رہی تھی جو شاہ مقصود کے مقام سے موٹر وے پر داخل ہوئی اور تھوڑی ہی دیر بعد حادثہ کا شکار ہو گئی تاہم ابھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ گاڑی تیز رفتاری یا ٹائر پھٹنے کے باعث حادثہ کا شکار ہوئی ہے جبکہ حادثہ میں 4 مسافر جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

زخمی ہونے والوں میں ایک عورت اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں اور جاں بحق مسافروں کو گاڑی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں