خانپور روڈ پر منگ سٹاپ کے قریب ٹریفک حادثہ میں ایک شخص جاں بحق، دو زخمی ہو گئے

بدھ 19 ستمبر 2018 14:30

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) خانپور روڈ پر منگ سٹاپ کے قریب ٹریفک کے حادثہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق خانپور روڈ پر منگ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں منگ کا رہائشی اشرف ولد حاجی جمعہ جاں بحق جبکہ سلیم ولد محمد سکنہ منگ اور اشرف ولد سرور شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق منگ سٹاپ پر ہری پور جانے والی سوزوکی پک اپ سواریاں بٹھانے کیلئے کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نمبر ایل زیڈ بی 265- جسے فدا محمد ولد عبدالحکیم سکنہ شانگلہ چلا رہے تھے، تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کھڑی سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی جس سے سوزوکی میں سوار ہوتے ہوئے اشرف نامی شخص شدید زخمی ہوا جو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے کار ڈرائیور کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ دیگر دو زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں