محمد طلحہ محمود فائونڈیشن کا مقصد معاشرہ کے کمزور افراد کو خاندان کا کارآمد جزو بنانا ہے، محمد مصطفیٰ بن طلحہ

پیر 24 ستمبر 2018 12:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) طلحہ محمود فائونڈیشن کے وائس چیئرمین محمد مصطفیٰ بن طلحہ نے کہا ہے کہ محمد طلحہ محمود فائونڈیشن کا مقصد معاشرہ کے کمزور افراد کو خاندان کا کارآمد جزو بنانا ہے، مرد و خواتین کے تفریق کئے بنا ایسے شخص کو ہنر مند بنا کر اپنے اہل و عیال کا کفیل بنانا ہے، خواتین کو سلائی مشینوں کی فراہمی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، معاشرے کے وہ افراد جو کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں انہیں چاہئے کہ وہ اپنی آراء کے ساتھ مکمل پلان بنائیں اور ہمیں پلان کا وہ حصہ بتائیں جس میں ہم نے رنگ بھرنے ہوں، ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

وہ علاقہ مونن میں حنیفہ ویلفیئر فائونڈیشن کے ذیلی ادارے حنیفہ دستکاری سنٹر میں مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ سید نزاکت حسین شاہ، سعید الحسن، سعد الحسن، مبشر حسین، حافظ جاوید الحق، توقیر حسین، نوید اعوان، انٹرنیشنل والی بال کوچ برائے خواتین سمیرا سلونی، راحیلہ بیگم، خنیفہ جدون، مصباح خان، طیبہ رانی اور سید الطاف حسین وارثی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سید نزاکت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر طلحہ محمود کا مشن ہے کہ اپنے علاقہ میں صحت، تعلیم، سپورٹس اور روزگار کیلئے کام کیا جائے اور مستحق افراد کو تمام اشیاء ان کی دہلیز پر مہیا کی جائیں، آنے والے وقتوں میں ہمارے علاقہ کے وہ افراد جو آج معاشی طور پر کمزور ہیں، وہ دوسرے افراد کی مدد کرتے نظر آئیں گے۔ اس موقع پر حافظ جاوید الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلحہ محمود فائونڈیشن جو کام کر رہی ہے یہ منتخب نمائندوں کا کام ہے، سینیٹر طلحہ محمود کی طرح اگر دیگر امراء و شرفاء بھی مستحق افراد کی مدد کریں تو وہ دن دور نہیں جب علاقہ میں زبردست معاشی انقلاب برپا ہو جائے گا۔

اس موقع پر حنیفہ جدون نے کہا کہ جس نے غربت کا وقت خود دیکھا ہو اسے لاچار افراد کی مجبوری کا صحیح اندازہ ہوتا ہے اور اگر وہ شخص آگے آ کر لاچاروں کا سہارا بنے تو وہ عبادت کے درجے پر فائز ہو جاتا ہے۔ اس سے پہلے مصطفیٰ بن طلحہ کو ادارہ کے قیام، قیام کی وجہ اور اب تک ادارہ کتنی خواتین کی داد رسی کیلئے انہیں ہنر مند بنا چکا ہے، کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں