نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی تحریک انصاف کا منشور ہے، عمر ایوب خان

منگل 17 اپریل 2018 12:06

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) ہری پور سے قومی اسمبلی کے امیدوار سابق وزیر مملکت خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی تحریک انصاف کا منشور ہے، 2018ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد عوامی مشکلات کے حل کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے مسائل بھی حل کریں گے۔ وہ کچھی میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان، تحصیل ناظم طارق خان، ممبران ضلع کونسل آصف علی جاہ، مصطفیٰ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ حطار انڈسٹری کی بنیاد ان کے والد سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان نے رکھی جو اب ایک تناور درخت بن چکی ہے، ہزاروں لوگوں کا روزگار اس سے وابستہ ہے اور ہم اس میں مزید بہتری لائیں گے تاکہ مزید لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوسف ایوب خان کی قیادت میں ہری پور میں تاریخی کام ہوئے ہیں خصوصاً منگ میں سوا نو ارب روپے کی لاگت سے ٹیکنیکل یونیورسٹی کے منصوبہ کی منظوری ہری پور کے نوجوانوں کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے، یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک اور علاقہ کا نام روشن کریں گے۔ اہلیان ہری پور تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں اور وہ اپنے منشور پر عمل کر کے ہری پور کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں