جمعیت علماء اسلام (س) نے ہری پور میں قومی و صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی حمایت کر دی

پیر 16 جولائی 2018 23:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) جمعیت علماء اسلام سمیع الحق گروپ نے مجلس عاملہ اور ذمہ داران کی مشاورت سے ہری پور میں قومی و صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر مسلم لیگ (ن) جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار گو ہر نواز خان کی حمایت کر دی، حمایت کا فیصلہ مکمل مشاورت اور سوچ ویچار کے بعد کیا گیا۔ اس بات کا اعلان سیکرٹری اطلاعات مولانا ذکر الحسینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کی مجلس شوریٰ، عاملہ اور ذمہ داران کا اہم اجلاس مولانا امداد الله حقانی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں علماء کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھر پور مشاورت کے بعد معاہدہ طے پایا جس پر عملدرآمد کی یقین دہانی اور دستخط ثبت کرنے کے بعد جے یو آئی (س) نے اپنے کارکنوں و ذمہ داروں اور دینی سوچ رکھنے والے سے کارکنان سے قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان، پی کے 40 کی نشست پر قاضی محمد اسد، پی کے 41 کی نشست پر راجہ فیصل زمان جبکہ پی کے 42 کی نشست پر آزاد امیدوار گوہر نواز خان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شیخ الحدیث مولانا تاج محمد، مولانا قاری غلام مصطفی شامی، مولانا امداد الله حقانی، قاری محمد یوسف ہزاروی، مولانا محمد ذاکر الحسینی، مولانا سیف الرحمن، مولانا عطا الحیٰ، مفتی عامر شہزاد، مولانا عبدالحفیظ حقانی، مولانا نور الحق، پیر سید احسان علی شاہ، مفتی سعید محمد خان سمیت علمائے کرام، خطبہ اور مدرس و مساجد سے متعلقہ حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پریس کانفرنس میں الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا، تاجر رہنمائوں اور ہری پور شہر کے معززین بھی شریک ہوئے اور اس حمایت اور دعائوں کو ان امیدواروں کے حق میں بہت نیک شگون قرار دیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں