25 جولائی ملک کی تقدیر بدلنے کا دن ہے، ایک جانب پاکستان بچانے اور دوسری طرف ملک لوٹنے والے ہیں، عمر ایوب

پیر 23 جولائی 2018 12:33

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) پچیس جولائی ملک کی تقدیر کے فیصلے کا دن ہے، ایک جانب پاکستان بچانے اور دوسری طرف ملک کو لوٹنے والے ہیں، قوموں کی تاریخ میں اہم فیصلوں کے مواقع ایک یا دو بار آتے ہیں، عمران خان اپنی ٹیم کے ساتھ وطن عزیز سے کرپٹ مافیا کے خاتمہ کیلئے نکلے ہیں، تبدیلی کے اس سفر میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہے، جھوٹ، منافقت اور بول بچن کی سیاست کے دن گئے، ہم نے پانچ سال دھڑلے سے عوام کی خدمت کی، ہمارے منصوبہ جات سے لوگ آنے والی نصف صدی تک مستفید ہوتے رہیں گے، عوام ووٹ کو امانت کے طور پر قومی سوچ کے ساتھ استعمال کریں۔

ان خیالات کا اظہار نامزد امیدوار تحریک انصاف پی کی40- اکبر ایوب خان، امیدوار این اے 17 عمرایوب خان، احمد ایوب خان نے درویش گھیبہ محلہ کھوہ، محلہ پتن، سرائے نعمت خان، پھرہاڑی اور پیرکالونی میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر ضلع کونسل راجہ حسرت خان، شوکت تاج، تحصیل ناظم طارق خان، راجہ ناصر کیانی،حاجی محمد اکرم، قاری احسان، محمد بشیر کسان کونسلر، ملک شاہد ایڈووکیٹ، محمد شریف اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

عمرایوب خان نے کہا کہ ہم اپنے آبائو اجداد سے ضلع ہری پور کی خدمت کر رہے ہیں، بحیثیت وزیر خزانہ خان پور، کھلابٹ، پنیاں، غازی سمیت متعدد علاقوں کو گیس، بجلی اور ٹیلی فون کی سہولیات فراہم کیں، دوڑ پار سمیت متعدد یونین کونسلوں میں وولٹیج کمی کا ذمہ دار سابقہ ایم این اے ہے جس نے 132 کے وی اے کے گرڈ کو جو انہوں نے منظور کرایا تھا، لگنے نہیں دیا، باشعور عوام اچھے برے کی تمیز اچھی طرح کر سکتے ہیں، 25 جولائی کو عمران خان کا دن ہے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ عوام چار اور دس سالوں کا موازنہ کریں، ہم نے تاریخی منصوبہ جات سے عوام کو مستفید کیا، 35 ارب کے منصوبے لانا کوئی کھیل نہیں، شہر بھر کی سڑکوں سمیت دریائے دوڑ پر پانچ پل تعمیر کر کے دوڑ پار کے تصور کو ختم کر دیا ہے، 25 جولائی کو عمران خان کا بلا ہر طرف چوکے چھکے مارے گا۔ اکبر خان نے کہا کہ خدمت کی سیاست کا سفر 26 سے پھر شروع ہوگا، عوام بلے پر مہر لگانے کا انتظار کررہے ہیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں