ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن کا کمشنر ہزارہ سے تمام محکموں میں ہراسمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کا مطالبہ

جمعہ 17 اگست 2018 14:33

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن ساجدہ حسرت خان نے ہری پور میں منعقدہ کھلی کچہری میں کمشنر سے تمام محکموں اور اداروں میں ہراسمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کا مطالبہ کر دیا۔ جمعہ کو کمیٹی ممبران روبینہ شاہین اور محمودالرحمن کے ہمراہ کمشنر کی کھلی کچہری میں شرکت کی اور خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے کمشنر سے مطالبہ کیا کہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت تمام نجی سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں ہراسمنٹ کمیٹیاں تشکیل دیکر انہیں فعال کیا جائے تاکہ خواتین کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، ناانصافیوں اور حق تلفیوں کے ازالہ کیلئے پلیٹ فارم مہیا ہو سکے۔

انہوں نے ویلج کونسلوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ویلج کونسلوں میں صفائی کے فقدان کی وجہ سے گلی محلوں میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف بدبو و تعفن کے باعث وہاں سے گذرنا بلکہ گھروں میں سانس لینا تک محال ہے بلکہ اس گندگی، بدبو، تعفن اور مکھیوں و مچھروں کی بہتا ت کی وجہ سے اہلیان علاقہ خصوصاً خواتین اور بچوں میں طرح طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بازاروں میں انڈر گارمنٹس سرعام لٹکا کر فروخت کرنے پر بھی پابند ی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جس پر کمشنرنے کہا کہ انڈر گارمنٹس کے حوالہ سے ان کی شکایت تاجر تنظیموں تک پہنچا دی جائے۔ ویلج کونسلوں میں صفائی کے حوالہ سے لوکل گورنمنٹ کے آفیسر نے وضاحت کی کہ پہلے ویلج کونسل کے زیر اہتمام صفائی ہو رہی تھی اب کچھ ٹائم سے ان کی فنڈز رکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے یہ مسئلہ درپیش ہے۔ مقامی سطح پر مختلف محکموں میں ہراسمنٹ کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالہ سے کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرسے رابطہ کر کے انہیں باضابطہ طور پر اس حوالہ سے آگاہ کیا جائے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں