غازی میں پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج، 6 افراد گرفتار

بدھ 12 دسمبر 2018 19:50

ہری پور۔ 12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) غازی میں پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والوں کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی، ایک خاتون سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے حوالہ سے ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال غازی نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحصیل غازی کے موضع ماڈل ویلج عیسیٰ میں پولیو سے بچائو کے قطر ے پلانے پر پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والوں کے خلاف غازی پولیس نے زیر دفعہ 186, 189, 506 کے تحت ایف آئی آر درج کر کے 6 افراد جمروز، بسم الله، روشن، بہادر علی، حسین اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔

غازی پولیس نے ایف آئی آر ڈاکٹر ظفر علی کی مدعیت میں درج کی۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر غازی کے ایم ایس ڈاکٹر زوار نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیموں کو اپنی سیکورٹی کے حوالے سے تحفظات ہیں، دور دراز علاقوں میں پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کیلئے جانے والی ٹیموں کو پولیس کی طرف سے کوئی سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی ہے، سیکورٹی کے تحفظات کے حوالہ سے کئی بار اعلیٰ حکام کو آگاہ کر چکے ہیں، اگر پولیو ٹیم کے ساتھ پولیس ہوتی تو حملہ کرنے کی نوبت ہی نہ آتی، لہذا پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں