ڈی پی او ڈاکٹر زاہد الله کی تھانہ صدر میں کھلی کچہری کا انعقاد،

لیزان کمیٹیوں کو فعال کرنے کا حکم

جمعہ 14 دسمبر 2018 14:08

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) ڈی پی او ڈاکٹر زاہد الله کی عوامی مسائل کے حل کیلئے تھانہ صدر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، لوکل مسائل کے حل کیلئے لیزان کمیٹیوں کو فعال کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله نے تھانہ صدر میں منعقدہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں اے ایس پی سرکل صدر قیس خان، ایس ایچ او علی فرمان، ٹریفک انچارج الیاس فرید، بلدیاتی نمائندگان، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور عوام کی کثیر تعداد بشمول خواتین نے شرکت کی۔

ڈی پی او ہری پور نے کھلی کچہری معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کی ہدایت پر آپ کی دہلیز پر تشریف لائے ہیں تاکہ آپ کے مسائل کو سن کر ان کو فوری طور پر حل کیا جا سکیں، عوام کے مسائل کو بروقت حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، ہم اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاکر آپ کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے۔

(جاری ہے)

دوران کھلی کچہری شرکاء نے منشیات فروشی، غیر مقامی افراد کی رہائش، ڈی آر سی کے فیصلوں کو تحریری شکل دینے، شادی بیاہ میں ہوائی فائرنگ، آتش بازی، تھانہ میں نفری کی کمی اور دیگر مسائل سے ڈی پی او ہری پور کو آگاہ کیا۔ ڈی پی او ہری پور نے مسائل کی درست نشاندہی پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں خوشی ہوئی ہے کہ آپ نے ہمیں مسائل کی نشاندہی کروائی، غیر مقامی لوگوں کی رہائش سے متعلق ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ تھانہ جات کی حدود میں موجود تمام غیر مقامی و کرایہ داران کی انٹری تھانہ میں کروائی جاتی ہے اور نام و مکمل کوائف کا اندراج کیا جاتا ہے، اگر آپ کے ارد گرد کوئی ایسے کرایہ دار یا غیر مقامی اشخاص موجود ہو تو آپ مقامی تھانہ کو بروقت آگاہ کریں، منشیات کے خاتمہ کیلئے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ منشیات فروشوں سے کسی صورت نرمی نہ برتی جائے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں