ہزارہ کے تاریخی قلعہ ھ کو مسمار کر کے وہاں تحصیل ریونیو آفس بنانے کیلئے ورک آرڈر جاری کر دیا گیا

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:56

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) ہزارہ ڈویژن کے واحد تاریخی قلعہ ہرکشن گڑھ کو مسمار کر کے وہاں تحصیل ریونیو آفس بنانے کیلئے ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد ورک آرڈر جاری کر دیا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں سمیت وکلاء نے ہری پور شہر کی تاریخ کو ختم کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے واحد تاریخی قلعہ ہرکشن گڑھ کو مسمار کر کے تحصیل ریونیو آفس بنانے کیلئے ہوم ورک مکمل کر کے ٹھیکیدار کو ورک آرڈر بھی جار ی کر دیا گیا ہے جس پر ہری پور شہر کے عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں سمیت وکلاء نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلعہ ہرکشن گڑھ کو سکھ جرنیل ہری سنگھ نلوہ نے صدیوں پہلے تعمیر کیا تھا، اسی سکھ جرنیل نے ہی ہری پور شہر کی بنیاد رکھی تھی، قلعہ ہر کشن گڑھ کے ساتھ ہری پور شہر کی تاریخ وابستہ ہے لیکن اس تاریخ کو آہستہ آہستہ ختم کیا جا رہا ہے، اس قلعہ کو معمولی سمجھنے والے تاریخ کے اوراق کو پلٹیں تو انہیں اس قلعہ کی اہمیت کا اندازہ ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

سکھوں کے خلاف بغاوت کرنے والے مشوانی، تنولی اور جدون قبائل کے افراد کو اس قلعہ میں توپوں کے ساتھ باندھ کر اڑا دیا گیا تھا، یہ قلعہ پورے ہزارہ ڈویژن کا واحد قلعہ باقی رہ گیا ہے، اس کے علاوہ بہارو کوٹ سمیت تمام قلعے ختم ہو چکے ہیں جبکہ اسی دور میں تعمیر ہونے والے قلعے اٹک اور جمرود کو محفوظ بنا دیا گیا ہے لیکن اس قلعہ کو آج تک آثار قدیمہ نے اپنی تحویل میں لیکر محفوظ بنانے کی کوشش نہیں کی جس کے باعث اسے مختلف سکیموں کے نام پر ختم کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور زاہد پرویز وڑائچ نے کہاکہ تحصیل ریونیو آفس کی یہ سکیم منظور شدہ ہے، اس سکیم کا ورک آرڈر جاری ہونے سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں