ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء معاشرہ سے جرائم کے خاتمہ اور انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں۔ ڈی ایس پی محمد صابر

جمعرات 25 اپریل 2019 00:01

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) ڈی ایس پی ہری پور کیڈٹ محمد صابر نے کہا ہے کہ معاشرہ سے جرائم کے خاتمہ کیلئے پولیس و وکلاء لازم و ملزوم ہیں، دونوں ادارے عوام کو انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، ہری پور میں پانچ سالہ سروس کے دوران ہر ممکن کوشش کی کہ غریب کی داد رسی ہو اور ظالم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ٹرانسفر اور پوسٹنگ سروس کا حصہ ہیں لیکن ہری پور کے عوام کی جانب سے دی جانے والی محبت اور پیار کو عمر بھر نہیں بھلا سکتا، دوران سروس ہری پور کے وکلاء نے بھرپور ساتھ دیا جس پر ہم ان کے بے حد مشکور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ہر ی پور کے وکلاء کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوتعینات ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار احمد سواتی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شاہد محبوب ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری محب الله قریشی ایڈووکیٹ، سابق صدر خورشید اظہر ایڈووکیٹ، گلناز رشید ایڈووکیٹ، احسان الله خان ایڈووکیٹ، واجد خان ایڈووکیٹ، راجہ محمد تیمور ایڈووکیٹ، نبیل علی ایڈووکیٹ، صدر پریس کلب ملک فیصل اقبال خان، دانش احمد، وقا ص احمد وکی، ملک محمد اشفاق و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وقاص احمد وکی، شاہد محبوب ایڈووکیٹ اور محب الله قریشی ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ محمد صابر 2014ء میں بطور ایس ایچ او سٹی تعینات ہوئے تو اپنے اعلیٰ کردار اور پبلک ڈیلنگ کے باعث عوام کے دلوں میں گھر کر گئے، اسی وجہ سے انہیں ترقی پانے پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کی مشکل ترین پوسٹ پر تعینات کیا گیا لیکن انہوں نے اپنے فرائض بخوبی نبھائے یہی وجہ ہے کہ ان کے تبادلے پر ہری پور کے عوام رنجیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء معاشرہ سے جرائم کے خاتمہ اور انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں، امید کرتے ہیں کہ نوتعینات ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار احمد سواتی بھی عوام دوست آفیسر ثابت ہوں گے جبکہ نوتعینات ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار احمد سواتی نے کہاکہ قانون کی پاسداری اور معاشرہ سے جرائم کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے وکلاء کا تعاون ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں