ضلعی پولیس سربراہ ہری پور کی زیر نگرانی ڈی پی او آفس محرم الحرام کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس

منگل 20 اگست 2019 14:17

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کی زیر نگرانی ڈی پی او آفس ہری پور میں محرم الحرام کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور آصف گوہر خان اور ضلع بھر کے سرکل ایس ڈی پی اوز اور انچارج ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران تمام مجالس اور چھوٹے بڑے جلوسوں کیلئے سیکورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

ڈی پی او ہری پور نے سرکل ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اس سال محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ممکنہ سیکورٹی انتظامات عمل میں لائے جائیں، ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، تمام مسالک کے علماء امن کمیٹیوں کے افراد اور سیاسی و سماجی افراد کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد کریں اور تمام مسالک کے علماء کے مشوروں اور تجاویز کو سامنے رکھ کر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیں، اس سال کسی بھی اضافی راستہ کو بند نہ کیا جائے تاکہ پبلک کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کو اعتماد میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ہری پور نے افسران پولیس کو مزید کہا کہ تمام جلوسوں کے روٹ پر موجود ہوٹل، سرائے اور رہائشی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور تمام مشکوک افراد اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، جلوسوں کی گذر گاہوں کو بی ڈی ایس سکواڈ کے ذریعہ مکمل چیک کیا جائے، جلوس کے راستوں پر موجود اونچی عمارتوں پر ماہر سنائپرز بھی تعینات کئے جائیں، جلوس و مجالس میں شرکت کرنے والے افراد کی چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں اور خواتین کی امام بارگاہوں پر لیڈی پولیس افسران بھی تعینات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکل افسران پولیس جلوسوں کی سیکورٹی کی ذاتی طور پر نگرانی کریں، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس لائن ہری پور میں پولیس کے اضافی دستے موجود رہیں گے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں