ہری پور۔رواں سال موسم خریف میں تربیلا کو پوری صلاحیت کے مطابق بھرنے پر ارسا کا واپڈا کی مہارت کا اعتراف

جمعرات 17 اکتوبر 2019 19:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے رواں سال بھی تربیلا ڈیم میں پوری صلاحیت کے مطابق پانی ذخیرہ کرنے پر واپڈا کی استعداد اور مہارت کا ایک مرتبہ پھر اعتراف کیا ہے۔چیئرمین ارسا شیر زمان خان کی جانب سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کے نام اپنے خط میں انہوں نے تربیلا ڈیم میں پانی کی بھرائی کے دوران پراجیکٹ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ارسا نے اپنے خط میں تحریر کیا ہے کہ وہ 2019ء کے موسم خریف میں تربیلا ڈیم کو اس کی انتہائی سطح تک بھرنے کے عمل میں تربیلا ڈیم پراجیکٹ حکام کی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ وارانہ فہم و فراست کا اعتراف کرتے ہیں۔ موسم خریف کے دوران ارسا کو تمام معاملات خصوصاً منصوبہ بندی اور موسمیاتی پیش گوئی کے بہتر تجزیے کے بارے میں پوری طرح سے آگاہ رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

اس امر کی بدولت تربیلا ڈیم سے پانی کے اضافی اخراج کو روکنے اور تربیلا ریزروائر کی بروقت مکمل بھرائی کو یقینی بنایا گیا ۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اگرچہ واپڈا کی صلاحیت ہمیشہ مسلمہ رہی ہے، تاہم تربیلا بجلی گھروں کے آپریشن کی کثیر جہتی اور مشکل /چیلنجنگ صورت حال کے ساتھ ساتھ تربیلا ریزروائر کی بھرائی کے دوران واپڈا کی مہارت بلا شبہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگئی ہے۔

1974ء میں اپنی تکمیل سے آج تک تربیلا ڈیم پراجیکٹ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ اس پراجیکٹ سے زرعی مقاصد کے لئے پانی مہیا کیا جاتا ہے ، سیلاب سے بچائو میں مدد ملتی ہے اور نیشنل گرڈ کو سستی پن بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ 1974ء میں تربیلا ڈیم کی تکمیل پر ریزروائر میں 9.62ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکتا تھا ، تاہم 45سال گزرنے کے بعد اب ریزروائر میں قابل استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت گاد بھرنے کے قدرتی عمل کی وجہ سی6.049 ملین ایکڑ فٹ رہ گئی ہے ۔ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا پن بجلی گھر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 888 میگاواٹ ہوچکی ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں