جنوبی کوریا کے راہبوں کا خان پور میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات کا دورہ

کوریا کے راہبوں نے خان پور کے مقام بھمالہ میں بدھ مت کے مقدس مقامات پر مذہبی رسومات ادا کیں تین رکنی راہبوں کے وفد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2019ء) ہری پور: جنوبی کوریا سے تین رکنی راہبوں کے وفد نے خان پور کے بھمالہ مقام پر موجود ہزاروں سال پرانے بدھ مت کے مقدس مقامات کا دورہ کیا اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔راہبوں کے وفد کا استقبال محکمہ ارکیالوجی خیبر پختون خوا کے اعلی حکام نے کیا۔بھمالہ کے مقام پر بدھ مت کے یہ اثار 2000 سال پرانے ہیں۔

راہبوں نے اس موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بدھ مت کی تعلیمات بھی امن کا درس دیتے ہیں اور ہم بھی کشمیریوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔راہبوں نے بدھ مت کے مقدس مقامات کو محفوظ بنانے پر حکومت خیبر پختون خوا کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کے عوام کے لئے خیبر پختون خوا میں موجود بدھ مت کے مقامات بہت مقدس اہمیت رکھتے ہیں اور وہاں کے عوام ان مقامات کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

راہبوں کا وفد خیبر پختون خوا میں موجود بدھ مت کے دیگر مقامات سوات،مردان اور پشاور کا بھی دورہ کرے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ارکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا کہ صوبے میں سینئر وزیر عاطف خان کے وژن کے مطابق مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے اور اس مقصد کے لئے 1 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔خیبر پختون خوا میں بدھ مت کے 2000 مقدس مقامات موجود ہیں جنہیں محفوظ بنانے اور ترقی دینے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔

موجودہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتیں مذہبی سیاحت کو فروغ دے رہی ہیں۔ انہوں نے وفد کو نئے ضم شدہ اضلاع میں موجود بدھ مت کے مقدس مقامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں تقریبا 20 ہزار بدھ مت کے مقامات ملنے کے امکانات موجود ہیں۔صرف ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں بدھ مت کے 132 مقدس مقامات موجود ہیں صوبائی حکومت ان مقامات کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں