عدالت نے گائوں کنڈی میں قتل کی واردات میں گرفتار دو ملزمان کو باعزت بری کر دیا

پیر 24 فروری 2020 23:22

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) غازی کے علاقہ گائوں کنڈی میں قتل کی واردات میں گرفتار دو ملزمان کو باعزت بری کر دیا، ملزمان کی جانب سے غازی کے ایڈووکیٹ اجمل طاہر خیلی پیش ہوئے، مدعی کی جانب سے نسیم مشوانی نے مقدمہ کی پیروی کی۔ تفصیلات کے مطابق 22 دسمبر 2014ء کو تھانہ غازی کی حدود گائوں کنڈی میں قتل کی واردات ہوئی تھی جس میں بڑی بے دردی و سفاکی سے نوجوان آصف خان ولد منور خان کو قتل کر کے نعش پہاڑوں پر پھینک دی تھی۔

مقتول مال مویشی چرانے کیلئے گھر سے نکلا تھا، قتل کی اطلاع والد منور خان ولد حکیم خان کو دی گئی جو موقع پر پہنچے اور انہوں نے مقامی تھانہ پولیس کو اطلاع دی۔ اس قتل کیس میں غازی پولیس نے منور خان کی جانب سے دعویداری میں محمد نواز عرف کوکا ولد حق نواز، یاسر زمان ولد زرین ساکنان کنڈی تحصیل غازی ضلع ہری پور کے خلاف ہوئی۔

(جاری ہے)

غازی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔

بعد ازاں یہ مقدمہ پانچ سال غازی کی عدالت میں سماعت رہا اور بعد ازاں کیس ٹارگٹ ہونے پر قتل کا یہ مقدمہ جج ماڈل کورٹ سجاد احمد جان کی عدالت میں ٹرانسفر ہوا جہاں انہوں نے صرف 14 یوم کے اندر دونوں اطراف سے شہادتیں اور گواہوں کے بیانات قلمبند کروائے اور عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جس میں ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس و موقع کی شہادت نہ ہونے کے باعث دونوں ملزمان کو باعزت بری کر دیا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں