محکمہ سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی نسواں کے زیر اہتمام بولو ہیلپ لائن کے لیے تعارفی اجلاس اورآگاہی ریلی کا انعقاد

پیر 4 جنوری 2021 19:01

ہری پور۔4جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2021ء) :محکمہ سماجی بہبود خصوصی تعلیم اور ترقی نسواں کے زیر اہتمام صوبائی حکومت کی صنفی تشدد،معاشرتی ناانصافی اور حقوق سے محرومی کے خلاف بولو ہیلپ لائن کے لیے تعارفی اجلاس اورآگاہی ریلی کا انعقاد کیاگیا ۔سنگی ترقیاتی فاؤنڈیشن،آواز ڈسٹرکٹ فورم اور دیگر کے اشتراک سے تعارفی اجلاس ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر ثناء اقبال کی زیر صدارت کانفرنس روم میں منعقدہوا جس میں مختلف سرکاری محکموں سماجی تنظیموں فلاحی اداروں سمیت دیگر خواتین سماجی کارکنا ن نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈسڑکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ثناء اقبال نے بولو اور بدلو مفت ہیلپ لائن 080022227کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ خصوصا کورونا وائرس کی وجہ سے بدلتے ہوئے حالات میں بولوہیلپ لائن حکومت کا بہت بڑا اقدام ہے جس سے متاثرہ باالخصوص جنڈر بیس وائلنس کا شکار مرد وخواتین کو ٹال فری نمبر پر کونسلنگ،لیگل ایڈ اور دیگر سروسز تک آسان رسائی حاصل ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

اس ہیلپ لائن کو پورے صوبہ تک پھیلایا جارہاہے جس کو کامیاب بنانے کے لیے ہم سب نے مل کرکام کرنا ہے ۔اس موقع پر سنگی ترقیاتی فاؤنڈیشن کے آواز آگاہی سنٹر ز کے کوارڈی نیٹر صابرخان یوسفزئی،ایم صداقت،سابقہ اقلیتی ممبر ڈاکٹر عرفان ناصر خاتون وکیل اور ڈی سی ایس ڈبلیو کمیٹی کی ممبر شاہدہ پروین ایڈوکیٹ، سابقہ ممبر تحصیل کونسل تسنیم بی بی،دارالامان کی انچارج عفت بی بی،سماجی کارکن نگہت ایاز کیانی،شی میل ایسوسی ایشن کی صدر صائمہ شوکت،عینی گجر ذویا شوکت اور دیگر نے اپنے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے بولو ہیلپ لائن کو صوبہ کے لیے انقلابی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد، ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام تھانوں اور پولیس لیزان کمیٹیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنانے سمیت دیگر تجاویز پیش کیں اور بولو ہیلپ لائن کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔



ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں