لوکل گورنمنٹ الیکشن۔لاء اینڈ آرڈر صورتحال کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

جمعرات 25 نومبر 2021 18:21

ہری پور۔25نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 25 نومبر2021ء) :ڈپٹی کمشنر ہری پور محمد مغیث ثنا ء اللہ کی زیر صدارت  اجلاس منعقدہوا۔جمعرات کے روز منعقدہ اجلاس میں موجودہ لوکل گورنمنٹ الیکشن کے حوالے سے لاء اینڈ آرڈر معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہری پور، ایڈیشنل سپر انٹنڈنٹ آف پولیس، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہری پور، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہری پور اور تمام محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی.میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر ہری پور نے کہا کہ جیسا کہ ضلع بھر میں تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہو چکے ہیں اور انتخابی مہم اپنے عروج کی طرف جارہی ہے جس کے لئے پولنگ 19 دسمبر 2021 کو ہوگی ضلعی انتظامیہ پولیس اور الیکشن کمیشن تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری ہدایات اور ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل درآمد کروایا جائے۔تمام رٹرننگ افسران اپنے دفاتر کے باہر نمایاں جگہوں پر ضابطہ اخلاق کی کاپیاں چسپاں کریں تا کہ امیدوار کو آگاہی ہو.ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ہری پور نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی ریلیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔تینوں تحصیلوں کی سطح پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو انتخابی مہم کی نگرانی کر رہی ہیں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

دوران میٹنگ سیکورٹی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کہا کہ 592 پولنگ اسٹیشن کیلئے سیکورٹی اہلکار پلان تیاری کے آخری مرحلہ میں ہیں جو آئندہ میٹنگ میں پیش کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ہری پور نے کہا ضلع میں رہائش پذیر افغان مہاجرین اور غیر ملکی افراد کی نقل و حمل سے متعلق ایس اوپی تیار کی جائیں تا کہ دوران الیکشن ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر ہری پور نے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے تعاون کریں اور انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں