کھیلوں کے فروغ سے نوجوان کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر احمد زمان

جمعرات 16 اگست 2018 12:58

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر احمد زمان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوان کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، مقامی سطح پر سپورٹس سرگرمیوں کے رحجان کو بڑھانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی کیونکہ معاشرے سے منفی رحجانات کا خاتمہ موجودہ وقت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے بلدیاتی نمائندگان اور سماجی کارکنوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں کھیلوں کی مثبت سرگرمیاں اور ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کو احسن طریقہ سے نبھائیں گے۔

وہ گذشتہ روز کمیونٹی سنٹر محلہ کھوہ آصف آباد میں جشن آزادی بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیبرہڈ کونسل سٹی ون کے ناظم عبدالصبور یوسفی، نائب ناظم خالد تنولی، جنرل کونسلز فردوس امین خان، لیبر کونسلر چوہدری فیاض، اخبار فروش یونین ضلع ہری پور کے صدر مسلم امین خان، خطیب جامع مسجد محلہ کھوہ قاری شفیق الرحمن، زاہد اقبال، راجہ محمود، عبدالخئی، عمیر امین، نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن حسنین امین سمیت نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

سپورٹس آفیسر احمد زمان نے سپورٹس ڈیپا ٹمنٹ کی جانب سے فائنل میچ جیتنے والے کھلاڑیوں وقاص احمد وکی، مہتاب رفیق اور رنر اپ سعد فردوس و عمر زاہد میں ٹرافیاں اور گولڈ میڈل تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمیر علی اور فائنل میچ جیتنے والے کھلاڑی وقاص احمد وکی نے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پرٹورنامنٹ کمیٹی کا شکریہ اور سرپرستی کرنے پر سپورٹس آفیسر احمد زمان خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی علاقہ کے نوجوانوں کو بلدیاتی نمائندوں اور سپورٹس ڈیپاٹمنٹ کے تعاون سے ایسے مواقع فراہم کئے جائیں کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے انتہائی کم وقت میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر انہیں مزید مواقع فراہم کئے گئے تو یہ کھلاڑی ریجن، صوبائی اور نیشنل لیول پر بھی اپنے علاقہ کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں